وزیر خارجہ کا نیوزی لینڈ کے نائب وزیراعظم سے رابطہ، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گفتگو

ویب ڈیسک  جمعرات 29 اگست 2019
 بھارت جبری ہتھکنڈوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے،وزیر خارجہ۔ فوٹو : فائل

بھارت جبری ہتھکنڈوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے،وزیر خارجہ۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیوزی لینڈ کے نائب وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیوزی لینڈ کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ ونسٹن پیٹر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے میں امن و امان کی ابتر صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے سیکورٹی کونسل کی متعدد قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئےمقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی، بھارت جبری ہتھکنڈوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیرمیں کرفیو کے باعث خوراک اور ادویات کی شدید قلت ہے۔

نیوزی لینڈ کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ ونسٹن پیٹر نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پراظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ میں کشمیری کمیونٹی بھی حالات سے آگاہ کر رہی ہے جب کہ ہم اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔