نواب شاہ میں 2 معصوم بچوں کے قتل کی لرزہ خیز واردات

نامہ نگار  جمعـء 30 اگست 2019
مقدمہ درج، ملزم گرفتار، 2 روزہ ریمانڈ، قاتل سے ہمارے خاندان کا تعلق نہیں، رشتے دار
فوٹو: فائل

مقدمہ درج، ملزم گرفتار، 2 روزہ ریمانڈ، قاتل سے ہمارے خاندان کا تعلق نہیں، رشتے دار فوٹو: فائل

نوابشاہ: درندہ صفت شخص نے 3سالہ بچی اور 10 سالہ بچے کو سفاکانہ طریقہ سے گلا کاٹ کر قتل کردیا۔

ایس ایس پی نواب شاہ کے مطابق ملزم مقتولین کا دادا ہے اور اس کے اپنی بہو سے تعلقات تھے جبکہ بچوں کے چچا کھیموں کا کہنا ہے کہ ان کا ملزم سے کوئی تعلق نہیں۔

بدھ کے روز رات گئے بی سیکشن پولیس اسٹیشن کی حدود سینما روڈ پر نامعلوم درندہ صفت شخص نے 3 سالہ چندہ اور 10 سالہ گلن کا گلہ کاٹ کر قتل کردیا اور بچوں کی ماں لاڈنی کو بھی قتل کرنے کیلیے چھری سے گلا کاٹنے کی کوشش کی مگرخاتون نے سخت مزاحمت کی اور چیخ و پکار پر جائے وقوع کے قریب موجود پولیس مددگار کے کانسٹیبل نے بی سیکشن تھانہ کو اطلاع کردی جس پر پولیس کی بھاری نفری نے ایس ایس پی تنویر تنیو کی سربراہی میں پہنچ کر بچوں کی لاشیں اور زخمی خاتون کو پیپلز میڈیکل کالج و اسپتال منتقل کیا۔

بعد ازاں ایس ایس پی تنویر تنیو نے ڈی ایس پی سٹی کے دفتر میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعوی کیا کہ بچوں کو قتل کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

ایس ایس پی کے دعوے کے مطابق ملزم ویرو مقتول بچوں کا دادا ہے اور اس کے اپنی بہو لاڈنی کے ساتھ تعلقات تھے اور بچوں نے ملزم کو اپنی ماں کے ساتھ قابل اعتراض حالت میں دیکھ لیا تھا جس کی وجہ سے ملزم نے بچوں کی ماں کے ساتھ مل کر بچوں کو چھری سے ذبح کر دیا اور پھر ملزم کی نیت خراب ہوئی اور اپنی بہو کو بھی قتل کرنے کی کوشش کی لیکن یہ کوشش ناکام رہی۔ عدالت نے پولیس کو دونوں ملزمان کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔

دونوں معصوم بچوں کے چچا کھیموں نے جمعرات کی شام پیپلز میڈیکل کالج و اسپتال کے مردہ خانہ سے بچوں کی لاشیں آبائی گوٹھ شاہ پور چاکر لے جانے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ گرفتار ملزم ویرو کا ان سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی یہ بچوں کا دادا ہے، بچوں کا دادا جس کا نام گلن تھا وہ 8 سال قبل فوت ہوچکا ہے، ویرو ہماری برادری کا ضرور ہے مگر ہمارا اس سے کسی قسم کا دور کا رشتہ بھی نہیں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔