ٹی وی اشتہارات بچوں کو مادہ پرست بناسکتے ہیں

محمد اختر  جمعـء 31 اگست 2012
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

یورپ میں کی جانے والی ایک نئی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ ٹی وی کے اشتہارات کم سن بچوں میں مادہ پرستی کے رجحان کو بڑھانے کا سبب بن سکتے ہیں۔تحقیق کے مطابق جو بچے ناخوش ہوں ، وہ اگر ٹی وی پر بہت زیادہ اشتہارات دیکھیں تو وہ سمجھنے لگتے ہیں کہ شاید بہت ساری مادی اشیاء پاس ہونے سے انسان اچھا محسوس کرتا ہے۔

بالغ افراد کے بارے کی جانے والی بہت سی اسٹڈیز سے پتہ چلا ہے کہ ناخوشی اور مادہ پرستی دونوں مل کر ایک ’’منحوس چکر ‘‘ کا سبب بنتے ہیں کیونکہ جو افراد ناخوشی اور عدم اطمینان کا شکار ہوتے ہیں وہ سوچتے ہیں کہ اگر ان کے پاس بہت سی مادی اشیاء ہوں تو وہ خوش رہیں گے لیکن جب وہ ان چیزوں کو حاصل کرنے میں ناکام ہوتے ہیں تو ان کی ناخوشی اور عدم اطمینان اور بڑھ جاتا ہے۔

چونکہ ہم سب ایک مادی دنیا میں رہتے ہیں ، اس لیے یہ تشویش جنم لیتی ہے کہ چھوٹے بچے اگر ناخوش ہوں تو وہ مادہ پرستی کی طرف کیسے پیش قدمی کرسکتے ہیں۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ بالغ افراد کے برعکس آٹھ سے گیارہ سال کے بچے وقت کے ساتھ ساتھ بہتر نہیں ہوتے بلکہ اگر وہ بہت زیادہ ٹی وی دیکھتے رہیں تو مزید مادہ پرست ہوتے جاتے ہیں۔

تحقیق کے نتائج میں اگرچہ ناخوشی ، ٹی وی اور اشتہارات کے مابین تعلق کو ظاہر کیا گیا تاہم اس بات کو ثابت نہیں کیا گیا کہ ٹی وی اس کا ذمے دار کیسے ہے۔

نتائج میں مزید بتایا گیا کہ شاید ٹی وی کے اشتہارات سے یہ اشارہ ملتاہے کہ بہت سی مادی اشیاء خوشی میں اضافہ کا باعث ہوتی ہیں ، اس حوالے سے والدین کو کیا کرنا چاہیے ، اس بارے میںاسٹڈی میں کہا گیا کہ وہ بچوں کی ٹی وی دیکھنے کی عادت میں اعتدال پیدا کریں۔

اسٹڈی کے سلسلے میں 466 بچوں سے آن لائن سروے کیے گئے۔ ان بچوں کی عمر آٹھ سے گیارہ سال کے درمیان تھی۔اس میں پہلے ایک سروے اور ایک سال بعد دوسرا سروے کیا گیا جن میں سے سوالات کیے گئے کہ وہ اپنی زندگی سے کس قدر مطمئن ہیں ۔ وہ گھر ، اسکول ، اپنے دوستوں رشتے داروں اور خود اپنے آپ سے کس قدر مطمئن ہیں۔ان بچوں سے پوچھا گیا کہ وہ اپنے پاس موجود مادی اشیاء کی موجودگی کو کتنی اہمیت دیتے ہیں اور کہاں تک سمجھتے ہیں کہ اس قسم کی چیزیں انھیں خوشی دے سکتی ہیں اور وہ ان کے ذریعے نئے دوست بناسکتے ہیں۔

مجموعی طور پر اس بات کے شواہد نہیں ملے کہ مادہ پرست بچے دوسرے سروے تک کم خوش ہوچکے تھے۔تاہم جوبچے ناخوشی اور بیزاری کا شکار تھے وہ اگلے سال تک مزید مادہ پرست ہوچکے تھے لیکن ایسا صرف اس صورت میں ہوا تھا جب انھوں نے بہت زیادہ ٹی وی دیکھا تھا۔مجموعی طورپر دیکھا گیا کہ ٹی وی پر دکھائے جانے والے مادی اشیاء کے اشتہارات نے بچوں میں مادہ پرستی میں اضافہ کیا تھا جبکہ بچوں کی زندگی میں ناخوشی اور عدم اطمینان کی وجہ بھی یہی اشتہارات تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔