گرمی کی شدت آج بھی برقرار رہنے کا امکان

اسٹاف رپورٹر  اتوار 1 ستمبر 2019
گلشن اقبال، گلستان جوہر،کریم آباد،عزیزآباد، صدر پاسپورٹ آفس سمیت کئی علاقوں میں درمیانی بارش اور پھوارپڑی۔ فوٹو: فائل

گلشن اقبال، گلستان جوہر،کریم آباد،عزیزآباد، صدر پاسپورٹ آفس سمیت کئی علاقوں میں درمیانی بارش اور پھوارپڑی۔ فوٹو: فائل

کراچی: سمندری ہوائیں معطل ہونے کی وجہ سے شہر کا درجہ حرارت بڑھ گیا جب کہ گرمی کی شدت آج(اتوار) کو بھی برقرار رہنے کا امکان ہے۔

موجودہ گرمی کی لہر بحیرہ عرب میں پیداہونے والے ہوا کے کم دباؤ کے سبب ہے، ہفتے کے روز شہر میں دومختلف قسم کا موسم رہا،بیشترعلاقوں میں تیز دھوپ نکلی رہی جبکہ گلشن اقبال،گلستان جوہر،کریم آباد سمیت کئی علاقوں میں ہلکی، معتدل بارش اور پھوارپڑی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والے ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے جمعے اورہفتے کی درمیانی رات سمندری ہوائیں بند ہوگئیں،جس کی وجہ سے شہر میں حبس کی کیفیت پیداہوئی، واضح رہے کہ جمعے کو شہر میں سمندری ہوائیں معمول سے کم ریکارڈ ہوئیں)سمندری ہواوں کی بندش کے سبب دن کے وقت تیز دھوپ کی وجہ سے شہر میں شدید نوعیت کی گرمی اور گھٹن پیداہوگئی اور درجہ حرارت بڑھ گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،جبکہ ہوا میں نمی کاتناسب غیر معمولی طورپر 65 فیصد تک بڑھنے کی وجہ سے گرمی کی شدت (فیل لائیک)اپنے اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری ہوائیں معطل ہونے کی وجہ سے متبادل سمت کی شمال مغربی (بلوچستان) کی گرم ہواوں نے شہرکا رخ کیا،جس کی وجہ سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ، ہفتے کو شہربھر میں دومختلف قسم کا موسم رہا،ایک جانب بیشتر علاقوں میں تیز دھوپ نکلی رہی جبکہ دوپہر کے وقت گلشن اقبال، گلستان جوہر،کریم آباد،عزیزآباد، صدر پاسپورٹ آفس سمیت کئی علاقوں میں ہلکی اور درمیانی بارش اور پھوارپڑی۔

قائم مقام چیف میٹرولوجسٹ شاہد عباس کے مطابق ہو اکے کم دباؤ کی وجہ سے پیدا ہونے والی گرمی کا سلسلہ آج(اتوار)تک جاری رہ سکتا ہے،جس کے بعد یا تو ہوا کا کم دباؤ سمندر میں ختم ہوجائے گایا پھر کسی اور جانب منتقل ہو جائے گا۔

شاہد عباس کے مطابق 25ستمبر سے 7نومبر کے درمیان شہر میں ایک 40روزہ اسپیل ہرسال کی طرح اثراندازہوگا،جس کے دوران مون سون کے خاتمے کے بعد ابرآلود موسم میں کمی جبکہ تیز دھوپ میں اضافہ ریکارڈ ہوگا،شاہد عباس کے مطابق مذکورہ دورانیے میں شہرمیں درجہ حرارت 40ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے۔

قائم مقام چیف میٹرولوجسٹ کا مذید کہناہے کہ 4اور5ستمبر کے دوران شہر میں ایک لوکل ڈیولپمنٹ کی توقع کررہے ہیں،جس کے تحت ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے اوردرجہ حرارت میں کمی واقع ہوگی۔

شہر میں ہفتے کو معتدل بارش کے بعد قوس وقزح ( دھنک) کے خوبصورت رنگ بکھرے،بارش تھمنے کے بعد ابرآلود موسم اور دھوپ کے امتزاج کے درمیان پیداہو نے والے حسین اور جاذب نظر منظر کو شہر کے کئی علاقوں میں دیکھا گیا،شہر میں ہفتے کی دوپہر مطلع مکمل اورجذوی ابر آلود ہونے کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں معتدل بارش پھوار اور بونداباندی ہوئی۔

بعدازاں بارش تھمنے کے بعد ایک اور انتہائی خوشگوار احساس شہریوں کو قوس وقزح یا پھر دھنک کے رنگوں کی شکل میں ہوا، کلفٹن، ڈیفنس اور گلشن اقبال سمیت چندعلاقوں میں آسمان کی بلندیوں پریہ انتہائی خوبصورت اور جاذب نظر منظر شہریوں کے مشاہدے میں آیا دھنک رنگوں کے دوران شہر میں دھوپ بھی نکلی ہوئی تھی ،جس کی وجہ سے بیک وقت ابر آلو د موسم اور کھلی کھلی دھوپ کا ایک حسین امتزاج دکھائی دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق قوس وقزح یعنی( رینبو ) کے فضاؤں پر وجود میں آنے کی کچھ متفرق وجوہات ہیں،جب بارش یا بونداباندی ہو جاتی ہے،توا س دوران ہوا میں نمی کاتناسب معمول سے انتہائی زیادہ ہوتاہے،اوریہی وہ وقت ہوتاہے جب فضا میں ایک خاص بلندی پرموجود پانی کے قطرے ایک دوسرے کے ساتھ لڑیوں کی شکل میں پیوست ہو نا شروع ہوجاتے ہیں،اورپانی کے ان لاتعدا د بوندوں پرعین اوپر سے پڑنے والی سورج کی سفید براق روشنی ان بوندوں سے منعکس ہوتی ہے اور یوں اس عمل کے نتیجے میں سات رنگوں کی ایک چادر سی آسمان پر تن جاتی ہے،جسیعرف عام میں قوس وقزح یا پھر دھنک رنگ کہا جاتاہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔