پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی

ایڈیٹوریل  پير 2 ستمبر 2019
ایل این جی کیقیمت میں کمی سے غریب رکشہ ڈرائیوروں کو تھوڑا سا ریلیف ضرور مل سکے گا۔ فوٹو: فائل

ایل این جی کیقیمت میں کمی سے غریب رکشہ ڈرائیوروں کو تھوڑا سا ریلیف ضرور مل سکے گا۔ فوٹو: فائل

حکومت نے یکم ستمبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا، وزارت خزانہ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے 63 پیسے تک کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے، نئی قیمتوں کا اعلان وزارت خزانہ نے کیا جبکہ نوٹیفکیشن اوگرا نے جاری کیا۔

یہ بات تو اظہر من الشمس ہے کہ پٹرولیم، مصنوعات گیس اور بجلی کے نرخوں میں معمولی سے رد و بدل کا اثر پوری اقتصادی مارکیٹ پر پڑتا ہے۔ اضافہ ایک پیسے کا بھی کیوں نہ ہو مارکیٹ والی فورسز ہر چیز کی قیمت بڑھا دیتی ہیں۔

ایسی چیزوں کی قیمت بھی جن کا پٹرول، گیس یا بجلی سے دور دور تک بھی کوئی تعلق نہیں ہوتا دوسری طرف قیمتوں میں کمی کی صورت میں اشیائے ضرورت یا ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کوئی کمی نہیں کی جاتی اور نہ ہی کوئی ذمے دار ان سے پوچھتا ہے۔

پیٹرولیم کی نئی قیمتوں کا اطلاق اتوار کی رات 12  بجے سے کر دیا گیا۔ ایک اور بات بھی جو عام آدمی کے فہم سے بالاتر ہے کہ جب بازار میں سو روپے سے کم کا کوئی سکہ ہی نہیں تو پھر پٹرول کی نئی قیمت میں پیسوں کا ذکر کس وجہ سے کیا جاتا ہے۔

ایل این جی کیقیمت میں کمی سے غریب رکشہ ڈرائیوروں کو تھوڑا سا ریلیف ضرور مل سکے گا۔بہرحال حکومت نے چاہے تھوڑے پیمانے پر کمی کی ہے لیکن اس سے یہ تاثر ضرور ملا ہے کہ حکومت کو جیسے ہی موقع ملا، اس نے عوام کو ریلیف پہنچانے کی کوشش کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔