پی ٹی آئی کے مرکزی اورصوبائی صدور کے عہدے ختم کرنے کی سفارش

رضوان غلزئی  منگل 3 ستمبر 2019
وزیراعظم کی منظوری کے بعد آئین میں ترمیم ہوتے ہی صوبائی صدور کے عہدے ختم ہو جائیں گے۔ فوٹو:فائل

وزیراعظم کی منظوری کے بعد آئین میں ترمیم ہوتے ہی صوبائی صدور کے عہدے ختم ہو جائیں گے۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: تحریک انصاف کی آئین ساز کمیٹی نے مرکزی اور صوبائی صدور کے عہدے ختم کرنے اور ملک بھر میں ریجنل صدور کے عہدے بحال کرنے کی سفارش کردی۔

پی ٹی آئی کی آئین ساز کمیٹی نے اسلام آباد کے تین حلقوں میں تین مختلف تنظیمیں بنانے کی تجویز دیدی، آئین ساز کمیٹی نے متفقہ طور پر تجاویز کی منظوری دیدی، تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل عامر کیانی کی زیرصدارت پارٹی کی آئین ساز کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں عامر کیانی، شاہ محمود قریشی، اسد عمر، پرویز خٹک، بابر اعوان اور دیگر شریک ہوئے، کمیٹی نے تحریک انصاف کے آئین میں  تبدیلی کرتے ہوئے پارٹی کی مرکزی صدارت سمیت چاروں صوبوں کیلیے پارٹی صدارت کے عہدے ختم کرنے کی منظوری دیدی۔

کمیٹی نے ملک بھر میں ریجنل صدور کے عہدے بحال کرنے کی بھی سفارش کردی جبکہ اسلام آباد میں تین انتخابی حلقوں کیلیے تین الگ تنظیمیں بنانے کی تجویز دی، پارٹی کے جنرل سیکریٹری عامر کیانی کمیٹی کی سفارشات پارٹی چیئرمین عمران خان کے سامنے رکھیں گے۔

کمیٹی کی سفارشات کی حتمی منظوری بطور چیئرمین وزیراعظم عمران خان دیں گے، وزیراعظم کی منظوری کے بعد آئین میں ترمیم ہوتے ہی موجودہ صوبائی صدور کے عہدے ختم ہو جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔