ٹی 20 بلاسٹ میں تہلکہ مچانے والے بابراعظم نے لاہور میں ٹریننگ کا آغاز کردیا

عباس رضا  منگل 3 ستمبر 2019
بابر اعظم کو لاہور میں جاری پری سیزن کیمپ سے چھوٹ دی گئی تھی فوٹو: فائل

بابر اعظم کو لاہور میں جاری پری سیزن کیمپ سے چھوٹ دی گئی تھی فوٹو: فائل

 لاہور: انگلش ٹی 20 بلاسٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بابراعظم وطن واپس آگئے اور انہوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ کا آغاز بھی کردیا ہے۔

انگلش ٹی 20 بلاسٹ میں سمر سیٹ کی جانب سے بابر اعظم نے 52.54 کی اوسط اور 149 کے اسٹرائیک ریٹ سے 578 رنز بنائے، بابراعظم کی تسلسل کے ساتھ عمدہ پرفارمنس کے باوجود سمرسیٹ کی ٹیم ساؤتھ گروپ میں چھٹے نمبر پر رہی اور ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی نہ حاصل کر پائی، سمرسیٹ کاؤنٹی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے پاکستانی بیٹسمین کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

بابر اعظم کو لاہور میں جاری پری سیزن کیمپ سے چھوٹ دے دی گئی تھی، پاکستان واپسی کے بعد انہوں نے کیمپ میں شریک کرکٹرز سے ملاقات کی، انہوں نے انفرادی طور پر اپنی ٹریننگ کا سلسلہ بھی شروع کردیا ہے۔

رواں ماہ کے آخری ہفتے میں سری لنکا کے خلاف 3 ون ڈے میچز کی سیریز کراچی میں شروع ہونا ہے، بعد ازاں اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کا انعقاد لاہور میں کیا جائے گا،ان فارم بابر اعظم پاکستان ٹیم کی امیدوں کا محور ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔