وزیراعلیٰ پنجاب فضائی حادثے سے بال بال بچ گئے

ویب ڈیسک / طالب فریدی  منگل 3 ستمبر 2019
پائلٹ نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاہور ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی فوٹو: فائل

پائلٹ نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاہور ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی فوٹو: فائل

 لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ہیلی کاپٹر سے دوران پرواز پرندہ ٹکرا گیا تاہم خوش قسمتی سے کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار حافظ آباد سے واپس لاہور آرہے تھے کہ دوران پرواز ہیلی کاپٹر سے پرندہ ٹکرا گیا تاہم پائلٹ نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاہور ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی اور ہیلی کاپٹر بحفاظت اتار لیا۔ حادثے کے باعث ہیلی کاپٹر کو جزوی نقصان پہنچا ہے تاہم ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد خیریت سے ہیں۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے ہیلی کاپٹر سے پرندے ٹکرانے کا واقعہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی حدود میں نہیں  بلکہ لاہور ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔

ہیلی کاپٹر کے فلائٹ انجینئر کرنل (ر) ناصر کے مطابق پرندوں کا ایک غول اچانک وزیر اعلی پنجاب کے ہیلی کاپٹر کے سامنے آیا جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا تاہم کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا البتہ ہیلی کاپٹر کو نقصان پہنچا ہے جبکہ پائلٹ نے بحفاظت ہیلی کاپٹر کو لاہور ائیرپورٹ پر لینڈنگ کرائی اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار باحفاظت لاہور پہنچ گئے ہیں۔

دوسری جانب  وزیر اعلی پنجاب کے ہیلی کاپٹر سے پرندہ ٹکرانے کا معاملہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا، پائلٹ کی رپورٹ کے بعد  سول ایوی ایشن اتھارٹی حادثے کی وجوہات کا جائزہ لے گی اور نقصان کا جائزہ لینے کے بعد رپورٹ بھی تیار کرے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔