159 ایکڑ اراضی کی غیر قانونی منتقلی کرنیوالوں کے خلاف تحقیقات جاری

اسٹاف رپورٹر  بدھ 4 ستمبر 2019
وزیر اعلیٰ کے حکم پر تحقیقات میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے محمد سہیل بے قصور نکلے، عہدے پر بحال
فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ کے حکم پر تحقیقات میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے محمد سہیل بے قصور نکلے، عہدے پر بحال فوٹو: فائل

کراچی: ہاکس بے کی اربوں روپے مالیت کی 159ایکٹر اراضی کی غیر قانونی منتقلی میں ملوث عناصر کے جلد بے نقاب ہونے کا امکان ہے۔

تین روز قبل ہاکس بے کی 159ایکٹر اراضی کی غیر قانونی منتقلی اور حکومتی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچائے جانے پر وزیر اعلیٰ نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا جس میں بورڈ آف ریونیو کے کئی افسران وملازمین سمیت ممبر لینڈ یوٹیلائزیشن دانش سعید کے علاوہ ایم ڈی اے کے ایڈیشنل ڈی جی محمد سہیل کو بھی معطل کردیا گیا تھا اس سلسلے میں چیئرمین اینٹی کرپشن کوفوری تحقیقات کا حکم جاری کیا گیا۔

ابتدائی تحقیقات کے بعد چیئرمین اینٹی کرپشن نے اپنی رپورٹ وزیر اعلیٰ سندھ کو پیش کردی ہے جس میں معطل کیے جانے والے ایڈیشنل ڈی جی ایم ڈی اے محمد سہیل کو مذکورہ الاٹمنٹ کے حوالے سے بے قصور قرار دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ الاٹمنٹ میں محمد سہیل کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

چیئرمین اینٹی کرپشن کی رپورٹ پر وزیر اعلیٰ سندھ نے محمد سہیل خان کو بحال کردیا جس کے بعد انھوں نے گزشتہ روز اپنی ذمے داریاں دوبارہ سنبھال لی ہیں،تاہم ممبر لینڈ یوٹیلائزیشن سمیت محکمہ بورڈ آف ریونیو اور سسٹم چلانے والوں کے خلاف تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔