دو سر والے ایک اور کچھوے کی دریافت

ویب ڈیسک  جمعـء 6 ستمبر 2019
اس طرح کے واقعات بہت کم ہوتے ہیں اور ایسی مخلوقات کے زندہ بچنے کے امکانات بھی بہت کم ہوتے ہیں۔ (فوٹو: انٹرنایٹ)

اس طرح کے واقعات بہت کم ہوتے ہیں اور ایسی مخلوقات کے زندہ بچنے کے امکانات بھی بہت کم ہوتے ہیں۔ (فوٹو: انٹرنایٹ)

جنوبی کیرولائنا: دنیا میں عجیب و غریب مخلوقات کی کوئی کمی نہیں اور آئے دن ایسے واقعات منظرِ عام پر آتے رہتے ہیں کہ جب کوئی عجیب الخلقت جانور دریافت کیا گیا ہو۔ یہ بھی ایسا ہی ایک واقعہ ہے جب امریکی ریاست ساؤتھ کیرولائنا کے ساحل پر سمندری کچھووں کےلیے بنائی گئی ایک محفوظ پناہ گاہ (ہیچری) میں کچھوے کے ایک انڈے سے دو سر والا، ننھا منا کچھوا برآمد ہوا۔

وہاں ڈیوٹی پر تعینات کنزرویشن آفیسر جیمی ڈیوڈسن نے فوری طور پر اس نوزائیدہ کچھوے کی تصویریں کھینچ لیں اور انہیں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کرادیا، جہاں سے وہ وائرل ہوگئیں۔

جیمی ڈیوڈسن نے اپنی فیس بُک پوسٹ میں لکھا:

’’جب ہم کچھووں کی محفوظ پناہ گاہوں کا جائزہ لیتے ہیں تو اکثر ہمیں وہاں عجیب و غریب چیزیں نظر آتی ہیں۔ کل مجھے یہ دو سر والا نوزائیدہ کچھوا ملا۔ میری یادداشت کے مطابق، پندرہ سال میں (دو سر والا کچھوا ملنے کا) یہ دوسرا موقعہ ہے۔ یہ زندہ اور صحت مند تھا لیکن اپنے خول کی عجیب و غریب ساخت کی وجہ سے رینگنے کے قابل نہیں تھا۔ اسے سمندر میں چھوڑ دیا گیا۔ (کیونکہ) سمندری کچھووں کے بارے میں اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ آف نیچرل ریسورسز کے وضع کردہ قوانین کی رُو سے ہمیں صرف ان کچھووں اور ان کی پناہ گاہوں کی حفاظت کرنے کی اجازت ہے لیکن ہمیں ان کچھووں کو اپنے پاس رکھنے اور پالنے کی بالکل بھی اجازت نہیں۔ اب یہ ننھا کچھوا اپنے بہن بھائیوں کی طرح سمندر میں آزاد ہے، جیسا کہ کروڑوں سال سے ہوتا آیا ہے۔ سفر بخیر اور نیک تمنائیں منفرد دوست!‘‘

کیا یہ ننھا منا کچھوا، کھلے سمندر میں بپھری ہوئی موجوں میں زندہ رہ پائے گا؟ ماہرین کے مطابق اس کے امکانات بہت ہی کم ہیں، لیکن کیا پتا کہ یہ اس قابل ہوجائے اور کچھ عرصے بعد مکمل بالغ ہو کر اسی ساحل پر واپس لوٹ آئے جہاں سے یہ پہلی بار سمندر میں اُترا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔