واٹس ایپ پر سمدھنوں کا جھگڑا عدالت تک جا پہنچا

ویب ڈیسک  جمعرات 5 ستمبر 2019
دونوں سمدھنوں نے ایک دوسرے پر واٹس ایپ پیغامات میں غلط زبان استعمال کرنے اور دھمکی دینے کا الزام لگایا۔ فوٹو : فائل

دونوں سمدھنوں نے ایک دوسرے پر واٹس ایپ پیغامات میں غلط زبان استعمال کرنے اور دھمکی دینے کا الزام لگایا۔ فوٹو : فائل

ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی عدالت میں اپنی نوعیت کا ایک منفرد مقدمہ زیرِ سماعت ہے جو شہریوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ اس میں ایک خاتون نے اپنی بہو کی ماں یعنی اپنی سمدھن کے خلاف واٹس ایپ پیغام میں نازیبا الفاظ کے استعمال پر عدالت سے رجوع کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ کی ایک عدالت میں زیر سماعت انوکھے مقدمے میں ایک خاتون اپنی بہو کی والدہ پر نازیبا الفاظ پر مبنی اور دھمکی آمیز پیغام بھیجنے پر عدالت سے تحفظ فراہم کرنے اور سمدھن کو سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ عدالت نے مقدمے کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے مدعیہ علیہ کو بھی عدالت طلب کرلیا۔

سمدھن نے عدالت میں الزامات کی تردید کرتے ہوئے بیان قلم بند کرایا کہ دراصل غیر مہذب زبان اور دھمکی آمیز زبان میری بیٹی کی ساس نے استعمال کی اور واٹس ایپ پر برا بھلا کہا جس پر درخواست گزار خاتون نے مؤقف اختیار کیا کہ پہل آپ کی جانب سے کی گئی، میں نے تو بس اس جواب دیا۔ دونوں بزرگ خواتین عدالتی قواعد و ضوابط کا خیال رکھے بغیر ایک دوسرے سے بحث کرتی رہیں۔

عدالت کی جانب سے صلح کی تمام تر کوششوں کے باوجود دونوں بزرگ خواتین اپنے اپنے مؤقف پر ڈٹی رہیں جس کے بعد عدالت نے مقدمے کا فیصلہ 15 ستمبر کو سنانے کا اعلان کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ یہ مقدمہ سوشل میڈیا پر زیر بحث ہے اور اخبار و جرائد میں تذکرے جاری ہیں جب کہ شہری بھی اس دلچسپ مقدمے کے فیصلے کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔