معروف اداکار عابد علی انتقال کرگئے

ویب ڈیسک  جمعرات 5 ستمبر 2019
صدر پاکستان نے1985 میں  عابد علی کو پرائڈ آف پارفامنس سے  نوازا تھا، فوٹو: فائل

صدر پاکستان نے1985 میں عابد علی کو پرائڈ آف پارفامنس سے نوازا تھا، فوٹو: فائل

 کراچی:  ڈرامہ و فلم انڈسٹری کے معروف اداکار عابد علی 67 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

اداکار عابد علی جگر کے عارضے میں مبتلا ہونے کی وجہ سے گذشتہ دو ماہ سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے، چند روز قبل اُن کی حالت انتہائی تشویش ناک ہونے کی وجہ سے اہل خانہ کی جانب سے دعاؤں کی درخواست کی گئی تھی تاہم اب اداکار 67 سال کی عمر میں دنیا فانی سے کوچ کر گئے ہیں۔

عابد علی کی اہلیہ نے اداکار کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عابد علی کا جگر کا عارضہ بگڑ گیا تھا جس کے باعث وہ کئی روز سے وینٹی لیٹر پر تھے لیکن اب وہ ہمارے درمیان نہیں رہے۔

واضح رہے کہ 29 مارچ 1952ء میں کوئٹہ میں پیدا ہونے والے عابد علی نے اپنے فنی کیریئر میں خواہش، دشت، دوسرا آسمان، وارث اور مہندی جیسے  مشہور ڈراموں اور متعدد فلموں میں کام کیا جب کہ آخری بار انہوں نے فلم ’ہیر مان جا‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

اداکار کو لاجواب اداکاری اور شعبے  میں قابل قدر خدمات انجام دینے پر  صدر پاکستان نے 1985ء میں انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔