اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کیلیے خصوصی ڈیسک بنانے کا فیصلہ

کامرس رپورٹر  جمعرات 5 ستمبر 2019
بیرون ملک سے یہاں ایف آئی آر درج کرائے جاسکے گی اور اکتوبر کے پہلے ہفتے میں پراجیکٹ شروع ہوجائے گا (فوٹو: فائل)

بیرون ملک سے یہاں ایف آئی آر درج کرائے جاسکے گی اور اکتوبر کے پہلے ہفتے میں پراجیکٹ شروع ہوجائے گا (فوٹو: فائل)

 لاہور: حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل فوری حل کرنے کے لیے خصوصی ڈیسک بنانے کا فیصلہ کیا ہے ان میں زمینوں پر قبضے، این او سی اور کریکٹر سرٹیفکیٹ سمیت دیگر مسائل شامل ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت اوورسیز پاکستانیوں کی زمینوں پر قبضے، این او سی، کریکٹر سرٹیفکیٹ اور دیگر مسائل کے حل کے لیے خصوصی ڈیسک بنائے گی۔ یہ تجویز وزیر اعظم کو بھیجی گئی تھی جس کی انہوں نے منظوری دے دی ہے۔

اب بیرون ملک سفارت خانوں میں خصوصی ڈیسک قائم کر کے پاکستان کے تھانوں کےساتھ لنک اپ کردیا جائے گا، بیرون ملک پاکستانی وطن آئے بغیر اپنے کیسز وہیں سے درج کروا سکیں گے۔

بیرون ملک قائم سفارت خانوں کے خصوصی ڈیسک کو پولیس کی جانب سے یوزر اور پاس ورڈ فراہم کیا جائے گا، اوورسیز پاکستانیوں کو این او سی اور کریکٹر سرٹیفیکٹ کے حصول کا طریقہ کار بھی آسان بنایا جائے گا، 7 سے 15 دن کے اندر این او سی اور کریکٹر سرٹیفیکیٹ فراہم کیا جاسکے گا اور ای میل کے ذریعے بھی سہولت فراہم کی جائے گی۔

مزید برآں اوورسیز پاکستانی مقررہ فیس کے ذریعے سہولت حاصل کرسکیں گے اور اکتوبر کے پہلے ہفتے میں پراجیکٹ شروع کر دیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔