’’پیغام پاکستان‘‘ کو قانونی شکل دی جائے، علما

اجمل ستار ملک  جمعـء 6 ستمبر 2019
محرم کیلیے سیکیورٹی انتظامات تسلی بخش ہیں، حافظ زبیر ظہیر، نیشنل ایکشن پلان سے انتشار کم ہوا، حافظ کاظم رضا نقوی۔ فوٹو: فائل

محرم کیلیے سیکیورٹی انتظامات تسلی بخش ہیں، حافظ زبیر ظہیر، نیشنل ایکشن پلان سے انتشار کم ہوا، حافظ کاظم رضا نقوی۔ فوٹو: فائل

 لاہور: نیشنل ایکشن پلان اور ’’پیغام پاکستان‘‘ سے ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی، ’’پیغام پاکستان‘‘ تمام مسالک کے ہزاروں جید علما کا متفقہ فتویٰ ہے جسے قانونی شکل دینے کی ضرورت ہے۔

توہین آمیز مواد لکھنے اور ایسی تقاریر کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنایا جائے۔ اس مرتبہ ماضی کی نسبت حالات بہتر ہیں تاہم حکومت ہمیشہ محرم الحرام جیسے حساس ایام پرہی حرکت میں آتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مختلف مسالک کے علماء نے ’’محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال‘‘ کے حوالے سے منعقدہ ’’ایکسپریس فورم‘‘ میں کیا۔

چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اگر ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے تو پاکستان کے اندر فرقہ وارانہ تشدد، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے میں بھرپور مدد مل سکتی ہے۔ ہمارا دشمن چالاک بھی ہے اور عیار بھی۔ وطن عزیز میں فرقہ وارانہ فسادات کو ہوا دے کر انتشار پھیلانا سب سے آسان ہدف ہے لیکن ہمیں دشمن پر کھلی آنکھ سے نظر رکھنا ہوگی۔ دشمن شرارت کر سکتا ہے لہٰذا سب کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔ عوام کو بھی چاہیے کہ چیکنگ و دیگر مراحل میں سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں۔ افواہوں اور بے بنیاد خبروں کو نہ پھیلایا جائے اور اس کی مکمل تحقیق کرلی جائے تاکہ انتشار پیدا نہ ہو۔

جامعہ نعیمہ کے مہتمم مفتی راغب نعیمی نے کہا اہل تشیع اور اہلسنت دونوں حضرت حسینؓ کو مانتے ہیں اور سب کا اپنا اپنا طریقہ ہے، اسلام درس دیتا ہے کہ ایک دوسرے کو تکلیف نہ دی جائے۔ چند برسوں سے ہر چیز ڈاکیومنٹڈ ہورہی ہے، اب اجتماعی قربانی و کھالوں سے لے کر مجالس و میلاد تک ہر چیز ڈاکیومنٹڈ ہے۔ اب مذہبی پروگراموں کیلئے پیشگی اجازت ضروری ہے۔ بڑے علماء کو آپس میں ملتے رہنا چاہئے اورا س کا اثر نچلی سطح تک جانا چاہیے، ’’پیغام پاکستان‘‘ بہترین فتویٰ ہے، اس میں شامل چیزیں مختلف قوانین کا حصہ ہیں تاہم اگر اسے قانونی شکل دے دی جائے تو یہ سب قوانین ایک جگہ اکٹھے ہوجائیں گے جس سے یقینا بہتری آئے گی۔

جمعیت اہلحدیث کے مرکزی رہنما حافظ زبیر احمد ظہیرنے کہا کہ بھارت، اسرائیل اور امریکا پاکستان میں خرابی پیدا کرنے کوشش میں ہیں لہٰذا ہمیں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

شیعہ علما کونسل کے رہنما حافظ کاظم رضا نقوی نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان سے دہشت گردی و انتشار میں کمی آئی جس پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ’’پیغام پاکستان‘‘ پر تمام مسالک کے ہزاروں جید علماء کے دستخط موجود ہیں، یہ دہشت گردی، نفرت انگیزی و دیگر مسائل کے حوالے سے سب کا متفقہ فتویٰ ہے، اگر اسے قانونی شکل دے دی جائے تو دیرپا امن کے قیام میں فائدہ ہوگا۔ کسی بھی شخصیت کی شان میں گستاخی کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔