معروف اداکار عابد علی کی نماز جنازہ، کراچی میں سپرد خاک

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 7 ستمبر 2019
عابد علی اچھے دوست، انسان، اداکار، مصنف اور ڈائریکٹر بھی تھے، اداکاروں کا اظہار خیال۔ فوٹو: ایکسپریس

عابد علی اچھے دوست، انسان، اداکار، مصنف اور ڈائریکٹر بھی تھے، اداکاروں کا اظہار خیال۔ فوٹو: ایکسپریس

 کراچی: معروف اداکار عابد علی کی نماز جنازہ بحریہ ٹاؤن کراچی میں ادا کر دی گئی، انہیں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ بحریہ ٹاؤن کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

67 سالہ لیجنڈ اداکار عابد علی گزشتہ روز جگر کے مرض کے باعث نجی اسپتال میں انتقال کر گئے تھے، بحریہ ٹاؤن کراچی میں واقع مسجد عاشق میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد نماز جنازہ ادا کی گئی۔

اس موقع پر عابد علی کی بیٹیاں ایمان علی، راحمہ علی اور دیگر خواتین ان کا آخری دیدار کرنے مسجد عاشق پہنچیں جبکہ نماز جنازہ میں شرکت کیلیے معروف اداکار دانش نواز، عدنان صدیقی، فیصل قریشی، عمیر لغاری، عجب گل، تنویر جمال، احمد شاہ، قوی خان، سہیل اصغر، ساحر لودھی، محمد اختر سمیت دیگر شوبز انڈسٹری سے وابستہ شخصیات اور مداحوں کی بڑی تعداد کی آمد کا سلسلہ بھی جاری رہا، عابد علی کی مغفرت اور بلند درجات کیلیے دعا کی گئی۔

اس موقع پر اداکاروں کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عابد علی سے بہت اچھا اور گہرا تعلق تھا، وہ ایک اچھے دوست کے ساتھ ساتھ اچھے انسان، اداکار، مصنف اور ڈائریکٹر بھی تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔