حاسد دوست نے اعلیٰ تعلیم کیلیے جانے والے ہم جماعت کی فلائٹ رکوادی

ویب ڈیسک  ہفتہ 7 ستمبر 2019
ایئرپورٹ میں بم کی جھوٹی اطلاع دے کر دوست کو اعلیٰ تعلیم کے لیے کینیڈا جانے سے روکنے کی سازش کی، ملزم (فوٹو : فائل)

ایئرپورٹ میں بم کی جھوٹی اطلاع دے کر دوست کو اعلیٰ تعلیم کے لیے کینیڈا جانے سے روکنے کی سازش کی، ملزم (فوٹو : فائل)

 حیدرآباد دکن: بھارت میں ایک حاسد دوست نے اپنے دوست کے اچھے مستقبل میں رکاوٹ بنتے ہوئے ایئرپورٹ پر بم کی موجودگی کی جھوٹی اطلاع دے کر کینیڈا جانے سے روک دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تلنگانہ میں راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ انتطامیہ کو ای میل کے ذریعے بم کی موجودگی کی اطلاع ملی جس میں ایئرپورٹ کو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے اُڑانے کی دھمکی بھی دی گئی تھی۔

بم کی اطلاع پر ایئرپورٹ انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں اور تمام پروازوں کو معطل کرکے سرچ آپریشن کیا گیا۔ 6 گھنٹے کی مشقت کے بعد بم کی اطلاع جھوٹی ثابت ہوئی جس پر سائبر کرائم نے ای میل کرنے والے شخص کو دھرلیا۔

ملزم کتراجو ششی کانتھ نے سنسنی خیز انکشاف کیا کہ سائرام ہمیشہ اچھے نمبر لاتا تھا اور میں فیل ہوجاتا تھا یہاں تک کہ اب اسے کینیڈا کی ایک اچھی یونیورسٹی میں داخلہ بھی مل گیا جس پر مجھے جلن ہونے لگی تھی۔

ملزم نے پولیس کو مزید بتایا کہ پہلے میں نے کینیڈا میں یونیورسٹی کو داخلہ منسوخ کرنے کے لیے ای میل کی تھی جس میں سائرام کی کردار کشی کی تھی تاہم یونیورسٹی نے میری غلط بیانی پکڑلی اور سائرام کا داخلہ برقرار رکھا۔

ملزم نے اقرار کیا کہ داخلہ منسوخ کرانے کی کوشش میں ناکامی کے بعد میں نے کینیڈا کی فلائٹ رکوانے کے لیے ایئرپورٹ انتظامیہ کو بم کی موجودگی کی جھوٹی اطلاع دینے کے لیے سائرام کی ہی ای میل استعمال کی لیکن اس کے باوجود پکڑا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔