بہت زیادہ یا بہت کم سونے والوں میں دل کے دورے کا خطرہ بھی زیادہ ہوتا ہے، تحقیق

ویب ڈیسک  اتوار 8 ستمبر 2019
نیند ضرورت سے کم ہو یا زیادہ، ہر صورت میں نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

نیند ضرورت سے کم ہو یا زیادہ، ہر صورت میں نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

لندن: امریکا اور برطانیہ میں لاکھوں افراد پر کی گئی ایک مفصل تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ دل کے دورے کا خطرہ صرف ان ہی لوگوں کو زیادہ نہیں ہوتا جو روزانہ بہت کم نیند لے پاتے ہیں، بلکہ یہ خطرہ ایسے افراد کےلیے بھی شدید ہوتا ہے جو لمبی تان کر سونے کے عادی ہوتے ہیں اور اوسط سے کہیں زیادہ دیر تک سوتے ہی رہتے ہیں۔

اچھی صحت کےلیے بھرپور اور مکمل نیند کی ضرورت سے انکار ممکن نہیں۔ طبّی ماہرین کے مطابق، ایک صحت مند انسان کےلیے روزانہ 7 سے 9 گھنٹے کی نیند کافی ہوتی ہے۔ کچھ لوگ ایسے ضرور ہیں جو صرف چند گھنٹے کی نیند لے کر ہشاش بشاش ہوجاتے ہیں مگر ایسی مستثنیات کی تعداد بہت ہی کم ہے۔ انہیں چھوڑ کر، دیگر عام صحت مند لوگوں کو اوسطاً 7 سے 9 گھنٹے روزانہ کی نیند ہی درکار ہوتی ہے۔

یہ وسیع تحقیق، جس کے نتائج ’’جرنل آف دی امریکن کالج آف کارڈیالوجی‘‘ کے تازہ شمارے میں شائع ہوئے ہیں، 4 لاکھ 61 ہزار 347 افراد پر کی گئی جن کی عمریں 40 سال سے 69 سال کے درمیان تھیں۔ اس تحقیق میں ان تمام افراد کی صحت اور نیند کے دورانیے سے متعلق اعداد و شمار سے استفادہ کیا گیا۔

تجزیئے سے معلوم ہوا کہ روزانہ 6 گھنٹے سے کم سونے والوں میں روزانہ 6 سے 9 گھنٹے سونے والوں کے مقابلے میں دل کے دورے کا خطرہ 20 فیصد تک زیادہ تھا۔ دوسری جانب وہ لوگ تھے جو روزانہ 9 گھنٹے سے زیادہ سونے والے تھے، جن میں دل کے دورے کا خطرہ اور بھی زیادہ، یعنی 34 فیصد تھا۔

ڈاکٹروں نے یہ بھی دریافت کیا ہے کہ وہ لوگ جنہیں موروثی طور پر دل کی بیماری کا خطرہ ہوتا ہے، وہ بھی روزانہ 6 سے 9 گھنٹے کی نیند لے کر دل کے دورے کا خطرہ 18 فیصد تک کم کرسکتے ہیں۔

یہ مطالعہ ایک بار پھر یہی ثابت کر رہا ہے کہ اگر کوئی چیز ضرورت سے زیادہ بھی ہوجائے تو نقصان دہ بن جاتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔