چٹاگانگ ٹیسٹ، افغان ٹیم تاریخی فتح کے قریب پہنچ گئی

اسپورٹس ڈیسک  پير 9 ستمبر 2019
مہمان الیون کو مزید 4 شکار درکار، 398 کا تعاقب کرنے والی بنگلہ دیش ٹیم کے 136 پر 6 آؤٹ، راشد کی 3 وکٹیں

مہمان الیون کو مزید 4 شکار درکار، 398 کا تعاقب کرنے والی بنگلہ دیش ٹیم کے 136 پر 6 آؤٹ، راشد کی 3 وکٹیں

چٹا گانگ: افغان ٹیم تاریخی ٹیسٹ کامیابی کے قریب پہنچ گئی، نیا باب رقم کرنے کیلیے بنگلہ دیش کے مزید 4 شکار درکار ہیں، راشد اور ظاہر خان نے 398 رنز ہدف کا تعاقب کرنے والی بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی، چوتھے دن کے اختتام تک میزبان سائیڈ نے 136 رنز پر 6 وکٹیں گنوادیں، شادمان اسلام نے 41 رنز بنائے، راشد خان نے 3 اور ظاہر نے 2 وکٹیں لیں۔

اس سے قبل افغانستان کی ٹیم دوسری اننگز میں 260 رنز پر آؤٹ ہوئی۔ افسر زازئی 48 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ شکیب الحسن نے 3 جبکہ مہدی حسن، تیج الاسلام اور نعیم حسن نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کے خلاف واحد ٹیسٹ میں افغانستان تاریخی فتح سے صرف 4 وکٹ کی دوری پر ہے، چوتھے روز اس نے 398 رنز ہدف کا تعاقب کرنے والی میزبان سائیڈ کو 136 رنز 6 وکٹ تک محدود کردیا، پورے دن بارش کی دخل اندازی بھی جاری رہی جبکہ آخر میں بھی ایک گھنٹہ قبل ہی موسم کی وجہ سے چوتھے روز کا کھیل ختم کرنا پڑا۔ صبح کا سیشن بھی 2 گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا جبکہ لنچ بریک کو بھی 40 منٹ تک مزید بڑھانا پڑا۔

مہمان سائیڈ نے اس دوران کھیلنے کیلیے ملنے والی مہلت سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے میزبان سائیڈ کی 6 وکٹیں اڑائیں، لیفٹ آرم اسپنر ظہیر خان نے لنچ بریک کے فوری بعد 2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، لٹن داس 9 اور مصدق حسین 12 رنز بناسکے۔ مشفیق الرحیم میچ میں دوسری اور مجموعی طور پر چھٹی مرتبہ راشد خان کی وکٹ بنے، انھوں نے ایل بی ڈبلیو ہونے سے قبل 23 رنز بنائے، اگلے اوور میں راشد نے مومن الحق (3) کو بھی ایل بی ڈبلیو کیا، کافی دیر سے ایک اینڈ پر موجود شادمان اسلام آخر کار 41 رنز بناکر محمد نبی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔ محمود اللہ (7) کو راشد نے اپنا تیسرا شکار بنایا، وہ ابراہیم زدران کے ہاتھوں کیچ ہوئے، جب کھیل رکا تو بنگلہ دیش نے 6 وکٹ پر 136 رنز بنائے تھے جبکہ اسے فتح کیلیے مزید 262 رنز درکار تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔