قبائلی اضلاع اور بلوچستان بھرمیں میٹرک پروگرام کی مفت تعلیم

نمائندہ ایکسپریس  پير 9 ستمبر 2019
اس اقدام کا بنیادی مقصد پسماندہ علاقوں کے لوگوں کو تعلیمی میدان میں لانا ہے، وائس چانسلر فوٹو: فائل

اس اقدام کا بنیادی مقصد پسماندہ علاقوں کے لوگوں کو تعلیمی میدان میں لانا ہے، وائس چانسلر فوٹو: فائل

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے خیبر پختونخوا میں ضم شدہ قبائلی اضلاع (سابقہ فاٹا) اور بلوچستان بھرمیں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند افرا دسے میٹرک پروگرام میں مفت داخلہ حاصل کرنے کے لیے داخلہ فارم 20 ستمبر تک وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اِن علاقوں میں میٹرک کی مفت تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کو یونیورسٹی کے قریب ترین دفتر سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اِن دونوں علاقوں کے طلبا و طالبات کو 20 ستمبر تک فارم جمع کرانے کی اجازت دیتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا ہے کہ اِس اقدام کا بنیادی مقصد پسماندہ علاقوں سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو تعلیمی میدان میں لانا ہے اور کوشش ہے کہ علم حاصل کرنے کا ایک بھی خواہشمند محض داخلہ فیس نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم حاصل کرنے سے محروم نہ رہے۔ مفت تعلیم کی فراہمی کے لیے یونیورسٹی نے اپنی سالانہ بجٹ میں خطیر رقم مختص کی ہوئی ہے۔

یونیورسٹی کسی بھی قسم کی جسمانی معذوری میں مبتلا افراد جیلوں میں مقید افراد اور خواجہ سرائوں کو بھی مفت تعلیم فراہم کرتی ہے۔ یونیورسٹی نے غریب اور مستحق طلبہ کو داخلہ فیس میں رعایت فراہم کرنے کے لیے مختلف اسکالرشپ اسکیمیں بھی متعارف کرائی ہیں۔

سمسٹر خزاں 2019ء کے میٹرک، ایف اے ، بی بی اے، ایم اے، ایم ایس سی ، بی ایس پروگرامز ، پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ پروگرامز ، ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز اور ٹیچر ٹریننگ پروگرامز(ڈیڑھ، اڑھائی ، چار سالہ بی ایڈ اور ایک سالہ ایم ایڈ)کے داخلے جاری ہیں۔ داخلہ فیس میں رعایت حاصل کرنے یا اسکالرشپ اسکیموں سے مستفید ہونے کے لیے طلبہ و طالبات کو یونیورسٹی کے قریب ترین علاقائی دفتر سے جلد از جلد رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔