سائبریا اور سرد علاقوں سے مہاجر پرندے پنجاب پہنچنے لگے

 پير 9 ستمبر 2019
آنے والے دنوں میں لاکھوں پرندے پنجاب کا رخ کرینگے، ڈائریکٹرمحکمہ تحفظ جنگلی حیات

آنے والے دنوں میں لاکھوں پرندے پنجاب کا رخ کرینگے، ڈائریکٹرمحکمہ تحفظ جنگلی حیات

 لاہور:  سائبریا سمیت سرد علاقوں کے مہاجر پرندے  پنجاب کی آبی گزرگاہوں، ندی نالوں اور جھیلوں میں پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ دوسری طرف محکمہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب کی طرف سے اکتوبر میں مہاجر پرندوں کی شکارکی باقاعدہ اجازت دیے جانے کا امکان ہے۔

محکمہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب کے ڈائریکٹر محمد نعیم بھٹی کا کہنا ہے کہ ستمبرکے وسط میں مہاجرپرندوں کی آمد شروع ہو جاتی ہے تاہم اگرسردعلاقوں میں بارشیں زیادہ ہوں تو مہاجر پرندوں کی آمد ستمبرکے آغازسے شروع ہو جاتی ہے، ا س وقت بھی پنجاب کے مختلف دریاؤں ، ندی نالوں ، جھیلوں اورآبی ذخیروں کے قریب مہاجر پرندے دیکھے جاسکتے ہیں، آنے والے دنوں میں لاکھوں پرندے پاکستان بالخصوص پنجاب کارخ کریں گے۔ دوسری طرف محکمہ تحفظ جنگلی حیات نے یکم اکتوبرسے 31 مارچ تک مہاجرپرندوں کے شکارکی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم باقاعدہ اعلان آئندہ چندروزمیں کردیاجائے گا۔اس حوالے سے اعزازی گیم وارڈن پنجاب بدرمنیرنے بتایا کہ وائلڈلائف ایکٹ2007 ترمیم شدہ کے تحت رجسٹرڈ شکاریوں کو ہفتے میں دودن ہفتہ اوراتوارکومہاجرپرندوں کے شکار کی اجازت دی جائے گی۔

شکاری کو 2 ہزارروپے شوٹنگ فیس جمع کرانا ہو گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وائلڈ لائف سینگچوریز اور نیشنل پارکس میں تمام قسم کے شکار کی ممانعت ہے تاہم گیم ریزرو میں ڈی جی وائلڈ لائف پنجاب کے جاری کردہ خصوصی اجازت نامے کے ساتھ شکار کھیلا جا سکتا ہے۔ محکمہ وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب نے مہاجرپرندوں کے غیر قانونی شکار کی روک تھام اور مقررہ بیگ لمٹ کی پابندی کو سختی سے مانیٹر کرنے کے لیے تمام فیلڈ اسٹاف اور پروٹیکشن فورس کوالرٹ جاری کردیا ہے۔ یادر ہے کہ وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر غیر قانونی شکار کے مرتکب افراد کو ایک سے 5 سال تک قید، 20 تا 30 ہزار روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں ایک ساتھ دی جا سکتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔