مصنوعی ٹانگوں میں چلنے کا احساس پیدا کرنے والے سینسر

ویب ڈیسک  منگل 10 ستمبر 2019
سوئٹزرلینڈ کے ماہرین نے مصنوعی ٹانگوں میں سینسر لگائے ہیں جو معذور افراد کو زمین پر قدم رکھنے کا احساس دلاتے ہیں (فوٹو: فائل)

سوئٹزرلینڈ کے ماہرین نے مصنوعی ٹانگوں میں سینسر لگائے ہیں جو معذور افراد کو زمین پر قدم رکھنے کا احساس دلاتے ہیں (فوٹو: فائل)

سوئزرلینڈ: ٹانگوں سے معذور ہونے والے افراد اگرچہ مصنوعی ٹانگوں کی مدد سے چل پھرسکتے ہیں مگر انہیں زمین پر قدم رکھنے اور پاؤں اٹھانے کا احساس نہیں ہوتا جو بہت سی پریشانیوں کی وجہ بنتا ہے لیکن اب خاص سینسر کی بدولت انہیں قدم رکھنے کا احساس دلاتے ہیں۔

سوئٹزر لینڈ میں واقع سوئس فیڈرل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے سائنس داں ڈاکٹر اسٹینیسا راسپو پووخ اور ان کے ساتھیوں نے دو افراد کی مصنوعی ٹانگوں کے جوتے کے تلے اور ٹخنے میں سینسر لگائے ہیں اور ان سے نکلے ہوئے تار کو ران کے اعصاب سے جوڑا گیا ہے۔

بعد ازاں ٹانگوں سے محروم افراد پر جب سینسر آزمائے گئے تو دونوں افراد نے بتایا کہ اب وہ بہت اعتماد اور تیزی سے چل سکتے ہیں۔ گھٹنوں کے اوپر تک ٹانگوں سے محروم ہونے والے افراد اپنی ٹانگ کی پوزیشن محسوس نہیں کرسکتے اور چلنے میں دقت محسوس کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ بازو اور ٹانگ سے محروم ہونے والے افراد ایک عرصے تک پراسرار کیفیت میں مبتلا رہتے ہیں جس میں کبھی کبھی انہیں اپنے کٹے ہوئے ہاتھ اور پیر کا احساس ہوتا ہے اور وہ تکلیف بھی محسوس کرتے ہیں۔ اس مرض کو فینٹم لمب بھی کہا جاتا ہے۔ سینسر لگانے کے بعد لوگوں نے اس کیفیت میں بھی کمی محسوس کی۔

جب دونوں افراد کی رانوں کے اعصاب میں ایک ماہ تک سینسر لگا کر انہیں آزمایا گیا تو انہوں نے اسے حیرت انگیز قرار دیا اور کہا کہ یہ انہیں اب سینسر کی وجہ سے حقیقی پیروں کا احساس ہورہا ہے۔ اس کے بعد ماہرین نے ٹانگوں سے محروم افراد کی مصنوعی ٹانگوں پر سینسر لگا کر انہیں تجربہ گاہ سے باہر آزمایا۔

سینسر لگنے کے بعد دونوں افراد نے چلنے میں بہت آسانی اور اعتماد محسوس کیا۔ پہلے وہ ایک منٹ میں چھ میٹر ہی چل پاتے تھے لیکن سینسر لگنے کے بعد وہ عین صحت مند انسانوں کی طرح چلنے کے قابل ہوگئے اور ان کی رفتار بھی بڑھی۔ ایک شخص نے بتایا کہ مصنوعی ٹانگ اب حقیقی ٹانگ کی طرح محسوس ہوتی ہے۔

اسی طرح تین مہینے میں معذور افراد میں فینٹم لمب کی کیفیت اور تکلیف 80 فیصد ختم ہوگئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔