کشمیری شہدائے کربلا کے راستے پر چل رہے ہیں، فردوس عاشق اعوان

ویب ڈیسک  منگل 10 ستمبر 2019
پاکستانی قوم اسوہ شبیری پر عمل پیرا ہے اور مظلوم کشمیریوں  کا  ساتھ نہیں چھوڑے گی، معاون خصوصی فوٹو:فائل

پاکستانی قوم اسوہ شبیری پر عمل پیرا ہے اور مظلوم کشمیریوں  کا  ساتھ نہیں چھوڑے گی، معاون خصوصی فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کشمیری شہدائے کربلا کے راستے پر چل رہے ہیں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ’کربلا کا سبق ہے ظلم پھر ظلم ہے، بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے‘، پاکستانی قوم اسوہ شبیری پر عمل پیرا ہے اور مظلوم کشمیریوں  کا  ساتھ نہیں چھوڑے گی، کشمیری شہدائے کربلا کے راستے پر چل رہے ہیں، ان کے حوصلوں کو آزمانے والوں کو شکست ہوگی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 10 محرم کا تاریخی دن شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے، جب حضرت امام حسینؓ دین کی سرفرازی کے لیے باطل کے سامنے ڈٹ گئے تھے، انہوں نے اسلام کے روشن اور سنہری اصولوں پر سمجھوتہ قبول نہ کیا، یوم عاشور کا عظیم درس یہ ہے کہ مظلوم کا ساتھ دیا جائے  اور حق سچ کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کیا جائے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ایک وہ یوم عاشور تھا جس دن نواسہؓ رسول دین مبین کی سربلندی کے لئے سربکف تھے، آج ایک کرب و بلا کشمیر میں بپا ہے، کرفیو کا 39 واں روز ہے، پوری وادی ہی جیل ہے، اشیائے خور و نوش اور ادویات کی شدید قلت ہے اور جنت نظیر کا  دنیا سے رابطہ منقطع ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔