طویل عرصے تک کارآمد رہنے والا لکڑی کا لیپ ٹاپ

ویب ڈیسک  جمعرات 12 ستمبر 2019
واوا لیپ ٹاپ جو لکڑی سے بنایا گیا ہے اور ایک مرتبہ خریدنے پر 10 سے 15 برس تک کارآمد رہتا ہے۔ فوٹو: واوا لیپ ٹاپ ویب سائٹ

واوا لیپ ٹاپ جو لکڑی سے بنایا گیا ہے اور ایک مرتبہ خریدنے پر 10 سے 15 برس تک کارآمد رہتا ہے۔ فوٹو: واوا لیپ ٹاپ ویب سائٹ

لیما، پیرو: اسمارٹ فون اور لیپ ٹاپ بنانے والی کمپنیاں ہر سال نت نئے ماڈل پیش کرکے لوگوں کو لبھاتی ہیں اور صارفین کی جیبیں خالی کرتی رہتی ہیں۔ لیکن اسی خامی کو محسوس کرتے ہوئے پیرو کی ایک کمپنی نے لکڑی سے بنا ایک کم خرچ لیپ ٹاپ بنایا ہے جو باآسانی 10 سے 15 برس تک چل سکتا ہے۔

اسے واوا لیپ ٹاپ کا نام دیا گیا ہے جسے بطورِ خاص غریب افراد کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اسے بنانے والی کاراس کوس کمپنی کے مطابق یہ ایک سنگل بورڈ کمپیوٹر ( ایس بی سی ) ہے جسے وقت کے ساتھ ساتھ اپ ڈیٹ کیا جاسکتا اور مرمت میں بھی آسانی رہتی ہے۔ چوبی لیپ ٹاپ کی قیمت 235 ڈالر ہے اور سرکٹ بورڈ کی قیمت صرف 35 ڈالر ہے جو بازار سے خریدا جاسکتا ہے۔

سب سے پہلے 2015 میں یہ لیپ ٹاپ بنایا گیا لیکن اب اس کے جدید ورژن میں فائبر بورڈ استعمال کیا گیا ہے جسے ری سائیکل کیا جاسکتا ہے اور آپریٹنگ سسٹم لینکس سسٹم کا ہے جو مفت میں دستیاب اوپن سورس آپریٹنگ سسٹم ہے بھی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ عام ذریعے کی بجائے سورج کی روشنی سے بھی چارج ہوتا ہے۔

لیپ ٹاپ کا پورا سرکٹ کچھ ایسا ہے کہ اس میں کوئی بھی پرزہ نکالا اور لگایا جاسکتا ہے جس سے لیپ ٹاپ کی عمر بڑھ جاتی ہے اور وقت کے ساتھ اپ گریڈ ہوکر 15 سال تک آپ کی تمام ضروریات پوری کرسکتا ہے۔

واوا لیپ ٹاپ سے وابستہ ایک انجینیئر نے کہا کہ پرائمری کے طالبعلم اس لیپ ٹاپ کا ورژن تھری استعمال کرسکتے ہیں اور سیکنڈری جماعت میں ورژن فور استعمال کرتے ہوئے اسے یونیورسٹی تک اپ گریڈ کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ پیرو کی زبان میں واوا کسی بچے کو کہتے ہیں۔

تاہم اب تک اسے پیرو سے باہر فروخت کرنے کے متعلق کمپنی نے کچھ نہیں بتایا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔