امریکی صدر نے مشیر قومی سلامتی امور کو عہدے سے ہٹا دیا

ویب ڈیسک  منگل 10 ستمبر 2019
جان بولٹن کے ساتھ متعدد معاملات پر اختلاف تھا،صدر ٹرمپ، فوٹو: فائل

جان بولٹن کے ساتھ متعدد معاملات پر اختلاف تھا،صدر ٹرمپ، فوٹو: فائل

 واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن کو عہدے سے فارغ کر دیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر جان بولٹن کو مشیر قومی سلامتی امور کے عہدے سے برطرف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ گزشتہ رات جان بولٹن کو آگاہ کیا تھا کہ انہیں عہدےسے ہٹایا جارہا ہے۔

امریکی صدر نے لکھا کہ متعدد معاملات میں مجھے جان بولٹن کی تجاویز سے شدید اختلاف تھا، انہیں بتا دیا گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس میں ان کی مزید ضرورت نہیں ہے۔ امریکی صدر نے لکھا کہ قومی سلامتی کے نئے مشیر کا اعلان آئندہ ہفتے کروں گا۔

واضح رہے کہ 23 مارچ 2018 کو  امریکی صدر نے جان بولٹن کو مشیر قومی سلامتی امور کی ذمہ داریاں سونپی تھیں۔جان بولٹن اس سے قبل اقوام متحدہ میں امریکی سفیر متعین تھے۔ اقوام متحدہ میں بطور سفیر جان بولٹن روس کے خلاف سخت موقف رکھنے، ایران اور شمالی کوریا کے خلاف فوجی کارروائی کرنے کے حامی اور اپنے جارحانہ اور سخت گیر لہجے کے حامل قدامت پسند شخص کے طور پر شہرت رکھتے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔