وفاق کراچی کیلیے جتنے منصوبے بنالے اسے سندھ حکومت کے دروازے سے گزرنا ہوگا، سعید غنی

ویب ڈیسک  بدھ 11 ستمبر 2019
کراچی کیلیے بنائی گئی کمیٹی پر سندھ حکومت سے مشاورت نہیں کی گئی، وزیراطلاعات

کراچی کیلیے بنائی گئی کمیٹی پر سندھ حکومت سے مشاورت نہیں کی گئی، وزیراطلاعات

کراچی: وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ وفاق کراچی کیلیے جتنے منصوبے بنالے اسے سندھ حکومت کے دروازے سے گزرنا ہوگا۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں کلین کراچی مہم شروع کی گئی جس کے لیے چندہ اکٹھا کیا گیا لیکن اس مہم نے کراچی کو مزید گندا کر دیا، کراچی صفائی مہم کہاں ہے اور صفائی کرنے والے کہاں گئے، وزیراعظم کو کلین کراچی مہم کی حقیقت کا پتا چل جائے تو علی زیدی کو برطرف کر دیں۔

صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ سنا ہے وزیراعظم نے اب ایک نئی کمیٹی بنائی ہے، کمیٹی بنانا کراچی کے مسائل کا حل نہیں ہے، کمیٹیوں کا ڈرامہ بند کیا جائے، وفاق کراچی کیلیے جتنے منصوبے بنالے اسے سندھ حکومت کے دروازے سے گزرنا ہوگا جب کہ کراچی کیلیے بنائی گئی کمیٹی پر سندھ حکومت سے مشاورت نہیں کی گئی۔

سعید غنی نے کہا کہ فریال تالپور سے ایسا رویہ اختیار نہ کریں جو پیشہ ور مجرموں کیساتھ کیا جاتا ہے، فریال تالپور پر کوئی الزام ثابت نہیں ہوا، اگر13 ستمبرکو فریال تالپورکو اسمبلی نہ لایا گیا تو اراکین اسمبلی لاہور جائیں گے اور پنجاب کی عوام کو بتائیں گے انتقام میں اندھی حکومت اپنے آئینی و قانونی تقاضے بھی پورے نہیں کر رہی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔