وزیراعظم سے وزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات، پولیس اصلاحات پر گفتگو

ویب ڈیسک  بدھ 11 ستمبر 2019
دونوں رہنماؤں نے پنجاب حکومت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا فوٹو:فائل

دونوں رہنماؤں نے پنجاب حکومت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی جس کے دوران پولیس اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے پنجاب حکومت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیراعظم عمران خان کو پولیس اصلاحات سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

حال ہی میں پنجاب میں پے درپے پولیس تشدد سے شہریوں کی ہلاکت کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں۔ رحیم یار خان میں اے ٹی ایم کارڈ چوری کے الزام میں ایک شخص صلاح الدین کو گرفتار کیا گیا جو دوران حراست پولیس کے مبینہ تشدد سے جاں بحق ہوگیا۔

اسی طرح لاہور میں بھی عامر مسیح نامی نوجوان کو چوری کے الزام میں پولیس نے گرفتار کیا اور دوران حراست تشدد سے وہ بھی ہلاک ہوگیا۔ پنجاب پولیس کے ہاتھوں خواتین اور بزرگوں سمیت متعدد افراد کے ساتھ بدتمیزی اور تشدد کے مزید واقعات بھی پیش آئے ہیں۔

ان واقعات پر شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ پنجاب پولیس میں اصلاحات کے اپنے وعدے کو عملی جامہ پہنائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔