روسی صدر پیوٹن کی تعریف میں ویڈیو نے غیرمقبولیت کا نیا ریکارڈ قائم کردیا

ویب ڈیسک  جمعرات 12 ستمبر 2019
روس کے مشہور ریپر گلوکار ٹیماتی صدر پیوٹن کے ساتھ خوشگوار موڈ میں (فوٹو: اے ایف پی)

روس کے مشہور ریپر گلوکار ٹیماتی صدر پیوٹن کے ساتھ خوشگوار موڈ میں (فوٹو: اے ایف پی)

 ماسکو: روسی صدر پیوٹن تعریف میں بنی ایک ویڈیو نے یوٹیوب پر ’نہ لائکی‘ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا، ریپر گلوکار ٹیماتی کی ویڈیو کو یوٹیوب پر 14 لاکھ 80 ہزار ’ڈس لائکس‘ ملے ہیں۔

ٹیماتی کے جس نئے گانے پر لوگوں نے اپنا غصہ نکالا ہے وہ ماسکو کے میئر کی تعریف میں بنایا گیا لیکن پیوٹن کے حامی میئر ایک عرصے سے مظاہرین پر کریک ڈاؤن کے لیے شدید تنقید اور غم و غصے کا نشانہ بنتے رہے ہیں۔

جب یہ ویڈیو یوٹیوب پر پوسٹ ہوئی تو لوگوں نے اسے بڑے پیمانے پر ناپسند (ڈس لائک) کیا جن کی تعداد قریباً 15 لاکھ تک پہنچ گئی۔ اس کے بعد یہ ویڈیو ڈیلیٹ کرنا پڑی۔ اس ویڈیو میں ماسکو کے میئر اور صدر پیوٹن کے اقدامات کی تعریف کی گئی تھی۔

36 سالہ ٹیماتی ریپ گلوکار ہیں اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے مداح ہیں۔ ماسکو کے نام سے ان کی ویڈیو پر لوگوں نے اپنے جذبات کا اظہار کیا اور اس پر تنقید کی گئی حالانکہ ٹیماتی روس کے ساتویں امیر ترین فنکار بھی ہیں لیکن اس ویڈیو نے ان کی شہرت کو دھچکا پہنچایا ہے۔

اس گانے میں احتجاجی مظاہروں پر بھی تنقید کی گئی ہے اور روسی حکومت کی مدح کی گئی ہے۔ ساتھ میں ماسکو کو عالمی سطح کا ایک امیر شہر بھی کہا گیا ہے۔

اس طرح یہ ویڈیو پوری دنیا میں ناپسند کی جانے والی 30 اہم ترین اور روسی یوٹیوب پر پہلی غیرمقبول ترین ویڈیو ہوچکی ہے جو ایک نیا ریکارڈ ہے لیکن صرف 85 ہزار لائکس ہی ملے۔ بعض لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ ٹیماتی نے بھاری معاوضہ لینے کے بعد یہ ویڈیو بنائی ہے لیکن ٹیماتی نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔