فاسٹ بولرز نے کوکابورا کی گیندوں کو ناکارہ قرار دے دیا

زبیر نذیر خان  بدھ 11 ستمبر 2019
ڈومیسٹک سیزن میں قائد اعظم ٹرافی سے قبل ہی کوکا بورا گیند پرسوال اٹھ گئے، فوٹو: ایکسپریس

ڈومیسٹک سیزن میں قائد اعظم ٹرافی سے قبل ہی کوکا بورا گیند پرسوال اٹھ گئے، فوٹو: ایکسپریس

 کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا نظام آغازسے پہلے ہی متنازعہ نظر آنے لگا، نئے نظام کے تحت ہفتہ سے شروع ہونے والےڈومیسٹک سیزن میں قائد اعظم ٹرافی سے قبل ہی کوکا بورا گیند پرسوال اٹھ گئے۔

بورڈ  کی جانب سے اپنے فرسٹ کلاس کرکٹ کے نظام کو بہتربنانے کے لیے نئے سیزن میں کوکا بورا  گیند  استعمال  کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم کوکا بورا گیند کے معیار پر فاسٹ بولرز  نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے جبکہ پریکٹس سیشن میں ہی کوکا بوراگیند کی اصلیت سامنے آنے لگی۔

فاسٹ بولرز نے کوکابورا کی گیندوں کو ناکارہ قرار دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ  بورڈ کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی اس گیند کی دو سے تین اوورز ہی  میں  شکل ٹیڑھی ہورہی ہے جبکہ اس کی گرفت میں بھی مسائل درپیش ہیں۔

دوسری جانب پی سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ کے تحت نئے ڈومیسٹک سیزن میں کوکا بورا سے فاسٹ بولرز کا اصل چہرہ سامنے آجائے گا،اب ان کو اپنی اہلیت ثابت کرنا ہوگی،کوکا بورا کا استعمال فرسٹ کلاس کرکٹ کوبہتربنانا ہے ،یہ گیند ہوم ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل میچزمیں بھی استعمال ہوگی۔

اس سے قبل ڈومیسٹک سیزن میں استعمال ہونے والی ڈیوک بال  کی حوصلہ شکنی دراصل ڈومیسٹک کرکٹرزکوفائدہ پہنچانا ہے،دوسری جانب ایک میچ آفیشل کا کہنا ہے کہ کوکا بورا گیند موجودہ بیٹسمینوں کے لیے سود مند لیکن فاسٹ بولرز کے لیے مشکلات پیدا کرے گی تاہم اس کا اصل فائدہ مستقبل کے کرکٹرزکو ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔