مولانا فضل الرحمان سے ڈیل نہیں ہوگی وہ خود ڈھیل ہوجائیں گے، وفاقی وزیر داخلہ

ویب ڈیسک  بدھ 11 ستمبر 2019
اگر حکومتی ارکان میں سے کسی نے ڈیل کی کوشش کی تو وہ فارغ ہوجائے گا اور اسلام آباد میں نہیں رہے گا، وزیر داخلہ فوٹو: فائل

اگر حکومتی ارکان میں سے کسی نے ڈیل کی کوشش کی تو وہ فارغ ہوجائے گا اور اسلام آباد میں نہیں رہے گا، وزیر داخلہ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ بریگیڈیئر(ر) اعجاز شاہ کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے ڈیل نہیں ہوگی وہ خود ڈھیل ہوجائیں گے۔

وفاقی وزیرداخلہ بریگیڈیئر(ر) اعجاز شاہ کا کہنا ہے کہ نائن الیون سانحہ کے بعد دنیا یکسر تبدیل ہوگئی، عالمی برادری کا ساتھ دینے کیلئے سارے ادارے آن بورڈ تھے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے تمام جہادی گروپوں کو کنٹرول کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جیش محمد اور جماعت الدعوہ کے تمام مدارس کو حکومتی تحویل میں لیا گیا، کسی انتہا پسند کو پاکستان کی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے، کسی جنگی سردار یا دہشت گرد کی جگہ پاکستان میں نہیں ہے۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ملک کی خستہ حالی کا ذمہ دارایک فرد کو قرار نہیں دیا جاسکتا، اس ملک کے حکمران طبقے نے ملک کو تباہ کردیا، ملک مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے، حکومت 70 سال کا کوڑا کرکٹ صاف کررہی ہے، عمران خان نے تنقید کے باوجود منی لانڈرنگ کے خلاف کریک ڈاوٴن کیا، آصف زرداری کے خلاف کیس جاندار نہ ہوتا تو وہ جیل میں نہ ہوتے ان کے خلاف کیس تگڑا ہے۔ وائٹ کالر کرائم ثابت کرنا مشکل ہوتا ہے، جج ویڈیو کیس میں شریفوں پر فرد جرم عائد ہونی چاہیے تھی کیوں کہ جج کے خلاف ویڈیو شریف برادران نے بنوائی تھی۔

بریگیڈیئر(ر) اعجاز شاہ نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں کررہی، اگر حکومتی ارکان میں سے کسی نے ڈیل کی کوشش کی تو وہ فارغ ہوجائے گا اور اسلام آباد میں نہیں رہے گا۔  مولانا فضل الرحمان عالم دین ہیں ان کی عزت کرتا ہوں لیکن ان سے ڈیل نہیں ہوگی وہ خود ڈھیل ہوجائیں گے، ادھر مودی نے ہماری شہہ رگ کو پکڑا ہے اور مولانا صاحب دھرنا دینا چاہتے ہیں، لوگ فضل الرحمان کے پیچھے نہیں نکلیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔