مقبوضہ کشمیر پر عالمی برادری پاکستان کے موقف سے متفق نظر آرہی ہے، ترجمان دفترخارجہ

ویب ڈیسک  جمعرات 12 ستمبر 2019
چین کا موقف واضح کہ وہ کسی یکطرفہ اقدام کی حمایت نہیں کرے گا، ترجمان

چین کا موقف واضح کہ وہ کسی یکطرفہ اقدام کی حمایت نہیں کرے گا، ترجمان

اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کو ان کے حقوق عالمی قوانین کے تحت ملنے چاہئیں اور عالمی برادری پاکستان کے موقف سے متفق نظر آرہی ہے۔

دفترخارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج نے تین مزید کشمیری شہید کر دیئے، مقبوضہ کشمیر میں زرائع مواصلات بالکل بند ہیں  اور حالیہ بھارتی مظالم چالیسویں روز میں داخل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت مذاکرات پر کئی ملکوں نےثالثی کی پیشکش کی ہے لیکن بھارت مذاکرات پر راضی نہیں ہے جب کہ بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں زرائع مواصلات کھولنے، کشمیری قیادت کی رہائی، کرفیو اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ کشمیریوں کے حقوق کیلئے آواز اٹھائی ہے اور پاکستان ہر سطح پر کشیریوں کیلئے آواز اٹھاتا رہے گا، کئی فورم پر پاکستان کی سفارت کاری سے یہ مسئلہ نمایاں ہوا جب کہ وزیرخارجہ نے جنیوا میں انسانی حقوق کمشن کے اجلاس میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا، 10 ستمبر کی انسانی حقوق کونسل میں کشمیر پر مشترکہ اعلامیہ بڑی کامیابی تھی، یہ اعلامیہ 58 ممالک کی طرف سے پیش کیا گیا۔

ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو ان کے حقوق عالمی قوانین کے تحت ملنے چاہئیں اور عالمی برادری پاکستان کے موقف سے متفق نظر آرہی ہے، چین کا موقف بھی واضح کہ وہ کسی یکطرفہ اقدام کی حمایت نہیں کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سات ستمبر کو بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے کھوئی رٹہ میں ایل او سی کی خلاف ورزیوں پر احتجاج ریکارڈ کرایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔