کھڑکیوں کے شیشے صاف کرنے والا ذہین روبوٹ برائے فروخت

ویب ڈیسک  جمعـء 13 ستمبر 2019
لیموڈو ونڈو وزرڈ روبوٹ پرسکون انداز میں گھروں اور دفاتر کے شیشے اور آئنے بھی صاف کرسکتا ہے۔ فوٹو: بشکریہ لیموڈو ویب سائٹ

لیموڈو ونڈو وزرڈ روبوٹ پرسکون انداز میں گھروں اور دفاتر کے شیشے اور آئنے بھی صاف کرسکتا ہے۔ فوٹو: بشکریہ لیموڈو ویب سائٹ

کویت: دفاتر اور گھروں کی کھڑکیوں اور دروازوں کو صاف کرنا ایک بڑا مسئلہ ہوتا ہے اس کے لیے اب ایک اسٹارٹ اپ کمپنی نے ایک اسمارٹ روبوٹ بنایا ہے جو از خود کھڑکیوں اور دروازوں کے شیشوں کو بہت اچھی طرح صاف کرسکتا ہے۔

یہ روبوٹ اب خاتونِ خانہ کے کئی مسائل کم کرسکتا ہے۔ اس روبوٹ کا پورا نام لیموڈو وِنڈو وزرڈ روبوٹ کا نام دیا گیا ہے۔ اگرچہ یہ کمپیوٹر پروگرام کی مدد سے شیشے کا ایک ایک گوشہ صاف کرسکتا ہے لیکن اسے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے بھی چلایا جاسکتا ہے۔

اس کا دل و دماغ طاقتور سکشن نظام ہے جس کی بدولت یہ شیشے سے چپک جاتا ہے اور گرے بغیر گرد و غبار کے ساتھ ساتھ فنگس اور جراثیم بھی اپنے اندر جذب کرتا رہتا ہے۔ یہاں تک کہ شیشے پر انگلیوں کے نشانات بھی کچھ اس طرح صاف کردیتا ہے کہ جیسے شیشے کو کسی نے چھوا نہ ہو۔

شیشہ چھوٹا ہو یا بڑا، یہ اس سے چپکنے کے بعد اپنا راستہ خود بناتا ہے اور جب تک پورا شیشہ صاف نہیں ہوجاتا یہ روبوٹ چین سے نہیں بیٹھتا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ روبوٹ کا اسمارٹ نظام سب سے پہلے پورے شیشے کا ایک نقشہ بنالیتا ہے۔ یہاں تک کہ وہ شیشے کے کناروں کا بھی احساس کرتا ہے اور یوں خود کو گرنے نہیں دیتا۔

اسے بنانے والی کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اسمارٹ وزرڈ الرجی اور دیگر امراض کی وجہ بننے والے جراثیم کو بھی صاف کرتا ہے۔ اس کے خصوصی اجزا میں راستہ بتانے والا نظام، طاقتور سکشن سسٹم ، ایپ اور ریموٹ کنٹرول سے چلنے کی صلاحیت اور 30 منٹ بیٹری بیک اپ بھی ہے۔ یہ انتہائی خاموشی سے صفائی کرتا ہے اور شور نہیں کرتا۔

اس وقت انڈی گوگو نامی کراؤڈ فنڈنگ ویب سائٹ پر اس کے لیے آن لائن چندہ کیا جارہا ہے۔ اگرچہ اس کی قیمت 400 ڈالر رکھی گئی ہے لیکن اس وقت بکنگ کرانے والے شیشہ صاف کرنے والے روبوٹ کو صرف 240 ڈالر میں خرید سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔