الطاف حسین سے لندن پولیس کی پانچ گھنٹے تک تفتیش

ویب ڈیسک  جمعـء 13 ستمبر 2019
بانی ایم کیو ایم الطاف حسین سے لندن میٹرو پولیٹن پولیس نے مسلسل پانچ گھنٹے تک مختلف تفتیشی سوالات کیے (فوٹو: فائل)

بانی ایم کیو ایم الطاف حسین سے لندن میٹرو پولیٹن پولیس نے مسلسل پانچ گھنٹے تک مختلف تفتیشی سوالات کیے (فوٹو: فائل)

 لندن: برطانیہ کی میٹرو پولیٹن پولیس نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین سے دوبارہ تفتیش کی ہے جو پانچ گھنٹے تک جاری رہی۔

میٹرو پولیٹن پولیس نے مسلسل پانچ گھنٹے تک بانی ایم کیو ایم سے ان ٹیلی فون کالز کے بارے میں سوالات کیے ہیں جس میں انہوں نے کراچی میں اپنے حامیوں سے نفرت انگیز گفتگو کی تھی اور مجمع کو تشدد پر اکسایا تھا۔

صبح کے وقت الطاف حسین کو ساؤتھ ورک پولیس اسٹیشن لے جایا گیا جہاں لگ بھگ چار سے پانچ گھنٹے تک ان سے مختلف سوالات کیے گئے۔ اس کے بعد ان کی ضمانت کی توسیع کی گئی اور انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

واضح رہے کہ پاکستانی حکام نے جہاں الطاف حسین پر دیگر کئی الزامات کے تحت برطانوی پولیس سے مدد مانگی ہے وہیں جارحانہ فون کالز کا معاملہ بھی اٹھایا ہے جس کا مقصد اپنے حامیوں کو تشدد پر اکسانا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی لندن میٹرو پولیٹن پولیس بانی ایم کیو ایم سے کئی مرتبہ تفتیش کرچکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔