ماحولیاتی آلودگی، شہری سانس و آنکھوں کے امراض میں مبتلا ہونے لگے

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 13 ستمبر 2019
ملیر، نارتھ ناظم آباد،لیاقت آباد فلائی اوور،لیاری ،پیپلز چورنگی،گلبرگ،فیڈرل بی ایریا،غریب آباد،عزیزآباد سمیت کئی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار۔ فوٹو: فائل

ملیر، نارتھ ناظم آباد،لیاقت آباد فلائی اوور،لیاری ،پیپلز چورنگی،گلبرگ،فیڈرل بی ایریا،غریب آباد،عزیزآباد سمیت کئی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار۔ فوٹو: فائل

کراچی: کراچی میں بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی نے شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کردیا۔

کراچی میں ہونے والی بارشوں کے بعد شہر کی مختلف سڑکوں جہانگیر روڈ، اقبال قاسم روڈ نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد فلائی اوور، پیپلز چورنگی، گلبرگ، فیڈرل بی ایریا، غریب آباد، عزیز آباد سمیت متعدد علاقوں کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں،خستہ حال سڑکوں کے باعث حادثات سے بچنے کیلیے سرکاری اداروں کی جانب سے سڑکوں پر پڑے گڑھوں میں مٹی بھر دی گئی جس سے آب و ہوا مزید آلودہ ہوگئی۔

فضا میں پھیلی گردو دھول نے شہریوں کا سانس لینا دشوار کردیا،خستہ حال سڑکوں اور شاہراہوں پر پڑے گڑھوں میں مٹی بھر پر عوام کو وقتی ریلیف تو فراہم کردیا گیا لیکن اس مسئلے کا کوئی مستقل حل تاحال نہیں نکالا جاسکا، شہریوں کا فوڈ اسٹریٹ پر کھانا کھانا تک مشکل ہوگیا، ملک کوسب سے زیادہ ٹیکس دینے والے شہر کے مکین بنیادی سہولتوں سے ہی محروم ہیں،بس اسٹاپس پر کھڑے ہونا اوردکانوں سے سامان خریدنا مشکل ہوگیا۔

شہریوں کا حکومت کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب نئی حکومت آتی ہے تو اس سے امیدیں ہوتی ہیں کہ وہ مسائل حل کرے گی لیکن پی ٹی آئی نے بھی کچھ نہیں کیا، مٹی دھول کی وجہ سے کچھ دکھائی نہیں دیتا جس کی وجہ سے بینائی پر اثر پڑتا ہے جبکہ سڑکیں تک تباہ ہوگئی ہیں۔

کراچی کو مسائل نے گھیر لیا ہے، پھیپھڑوں کے امراض میں اضافہ ہورہا ہے، عوام کو اگر اپنے مسائل خود حل کرنے ہیں تو انھیں ہی عہدوں پر بٹھا دیں، کہیں فوڈ اسٹریٹ پر بیٹھ کر کھانا کھانا تک مشکل ہوگیا ہے، انکا کہنا تھا کہ اگر سڑکوں کی مرمت کردی جائے تو ان مسائل سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے، جس کے لیے سیاست چھوڑ کر مسائل پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

سول اسپتال کے ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اسماعیل میمن نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دمے ، پھیپڑوں ، سانس اور جلدی بیماریوں کے روزانہ درجنوں مریض اسپتالوں کا رخ کررہے ہیں،ماحولیاتی آلودگی سے پھیپھڑوں کے امراض میں اضافے کا بھی اہم سبب ہے، گرد دھول کے باعث عام عوام کے سانس لینے سے یہ پھیپھڑوں تک پہنچتی ہے جو پھیپھڑوں کو متاثر کرتی ہے جبکہ جلدی امراض بھی پھیلنے کا سبب بن سکتی ہے، شہریوں کو چاہیے کہ آلودہ آب و ہوا میں سانس لینے سے احتیاط کریں اور بیماریوں سے بچنے کے لیے منہ پر ماسک پہن کر نکلیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔