آئین کا احترام ہے صوبائی خودمختاری پر آنچ نہیں آنے دیں گے، شاہ محمود قریشی

ویب ڈیسک  جمعـء 13 ستمبر 2019
 وزیر قانون کی بات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جارہا ہے، شاہ محمود قریشی فوٹو : فائل

وزیر قانون کی بات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جارہا ہے، شاہ محمود قریشی فوٹو : فائل

 اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ آئین کا احترام تھا، ہے اور رہے گا جبکہ ہم صوبائی خودمختاری پر آنچ آنے نہیں دیں گے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کے دوران کراچی کو وفاق کے کنٹرول میں لینے سے متعلق فروغ نسیم کے بیان پر وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ وزیر قانون کی بات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جارہا ہے، انہوں نے آرٹیکل 149 کے بیان پر وضاحت بھی دی تھی تاہم بلاول کی سندھو دیش اور پختونستان کی بات مناسب نہیں، سندھو دیش اور پختونستان کی بات کرنے والے پٹ جائیں گے، بیرون ملک صوبائی تعصب کی لہر کا تاثر نہ دیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آئین کا احترام تھا، ہے اور رہے گا، ہم صوبائی خودمختاری پر آنچ آنے نہیں دیں گے، سندھ اس ملک کی ایک اہم اکائی ہے، نہ سندھ حکومت میں کوئی چھیڑ چھاڑ کریں گے اور نہ ہی سندھ کے عوام کی حب الوطنی پر شک ہے، سب وفاق کا ساتھ دیں گے۔

مسئلہ کشمیر سے متعلق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت آج منہ دکھانے کے قابل نہیں ہے، امریکی کانگریس کے چار اراکین نے ٹرمپ کو خط لکھا ہے،17 ستمبر کو یورپین پارلیمنٹ میں کشمیر کا مسئلہ اٹھایا جائے گا، آج ہندوستان جتنی دفاعی پوزیشن میں ہے اتنا ماضی قریب میں دکھائی نہیں دیا، ہندوستان کو ہر فورم پر سبکی اٹھانا پڑی، اللہ کے فضل سے اٹھاون ممالک نے پاکستان کے موقف کی توثیق کی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔