نجی اسکولوں کی فیسوں میں 2017 کے بعد ہونے والا اضافہ کالعدم قرار

ویب ڈیسک  جمعـء 13 ستمبر 2019
نجی اسکول قانون کے مطابق اپنی فیسوں کا دوبارہ تعین کریں، عدالت کا حکم فوٹوفائل

نجی اسکول قانون کے مطابق اپنی فیسوں کا دوبارہ تعین کریں، عدالت کا حکم فوٹوفائل

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے نجی اسکولوں کی فیسوں میں 2017 کے بعد ہوئے اضافے کو کالعدم قرار دے دیا۔

سپریم کورٹ نے نجی اسکول کی فیسوں میں اضافے سے متعلق کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئےفیسوں میں 2017 کے بعد ہوئے اضافے کو کالعدم قرار دے دیا۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق نجی اسکولوں نے 2017 سے خلاف قانون فیس میں بہت زیادہ اضافہ کیا۔ اسکول کی فیس کی ری کیلکولیشن (دوبارہ تعین) کی نگرانی متعلقہ ریگولیٹری اتھارٹی کرے گی اور اتھارٹی کی منظور شدہ فیس ہی والدین سے لی جاسکے گی۔

سپریم کورٹ نے نجی اسکولوں کی فیسوں کو جنوری 2017 تک منجمد کرنے کا حکم دیتے ہوئےکہا کہ  نجی اسکولوں کی فیس وہی ہوگی جو جنوری 2017 میں تھی  اور فیسوں میں کی گئی 20 فیصد کمی والدین سے وصول نہیں کی جائے گی۔ سپریم کورٹ کے مطابق والدین سے لی گئی اضافی فیس آئندہ فیس میں ایڈجسٹ کی جائے جب کہ ریگولیٹری حکام اسکولوں کی جانب سے وصول کی جانے والی فیس کی نگرانی کریں۔

سپریم کورٹ نے نجی اسکول انتظامیہ کو حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ  نجی اسکول قانون کے مطابق اپنی فیسوں کا دوبارہ تعین کریں اس کے علاوہ اسکول فیس کے حوالے سے شکایات کے ازالے کے لیے شکایتی سیل قائم کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔