وزیر اعظم سری نگر جانے کا اعلان کریں جماعت اسلامی سب سے آگے ہوگی، سراج الحق

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 13 ستمبر 2019
15 ستمبر کو کوئٹہ ،20 ستمبر کو سرگودھا اور 6 اکتوبر کو لاہور میں آزادی کشمیر مارچ کریں گے، امیر جماعت اسلامی (فوٹو: فائل)

15 ستمبر کو کوئٹہ ،20 ستمبر کو سرگودھا اور 6 اکتوبر کو لاہور میں آزادی کشمیر مارچ کریں گے، امیر جماعت اسلامی (فوٹو: فائل)

 لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم سری نگر جانے کا اعلان کریں جماعت اسلامی سب سے آگے ہوگی۔

چکوال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ قوم اب حکمرانوں سے تقریریں نہیں عملی اقدام چاہتی ہے، بدترین کرفیو میں کشمیری اپنے مُردوں کو گھروں میں دفنانے پر مجبور ہیں، ہسپتال لاشوں اور زخمیوں سے بھرگئے ہیں، معصوم بچے اور بیمار دم توڑ رہے ہیں اور اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے ادارے اور پوری دنیا تماشائی بنی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا وزیر اعظم نے مظفر آباد جانے اور جلسے سے خطاب کرنے کی دعوت دی تھی مگر میں نے انہیں کہا کہ مظفرآباد ،لاہور اور اسلام آباد میں جلسوں کا مودی پر کوئی اثر نہیں ہوگا، مودی اس دن بھاگے گا جب آپ سری نگر کا رخ کریں گے، آپ نے جس دن سری نگر جانے کا اعلان کیا میں آپ سے چار قدم آگے ہوں گا۔

سراج الحق نے کہا کہ ہمارے فیصلہ سازوں کو کشمیر کے حوالے سے جلد کوئی فیصلہ کرنا ہوگا، کشمیر میں ایک قیامت برپا ہے، کشمیر کی آزادی کا واحد راستہ جہاد ہے، یواین او یا سلامتی کونسل کشمیریوں کو آزادی نہیں دے گی، چالیس دنوں سے لوگ موت و حیات کی کشمکش میں ہیں، ہمارا ہر نوجوان صلاح الدین ایوبی، محمود غزنوی اور محمد بن قاسم ہے، مودی اور آر ایس ایس کے غنڈے خطرناک ہیں تو ہمارے مجاہد ایسا گھیرا ڈالیں گے کہ انہیں بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا، جموں و کشمیر اور لداخ بھارتی فوجیوں کے قبرستان بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 15 ستمبر کو کوئٹہ ،20 ستمبر کو سرگودھا اور 6 اکتوبر کو لاہور میں آزادی کشمیر مارچ کریں گے، 6 اکتوبر تک حکومت نے کوئی فیصلہ نہ کیا تو پھر پاکستان اور کشمیر کے عوام فیصلہ کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔