ایل او سی کراس کرنا پڑی تو فوج کے ساتھ کریں گے، شیخ رشید

مانیٹرنگ ڈیسک  ہفتہ 14 ستمبر 2019
مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو واضح پیغام جا رہا ہے، علی امین، سینٹر اسٹیج میں گفتگو فوٹوفائل

مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو واضح پیغام جا رہا ہے، علی امین، سینٹر اسٹیج میں گفتگو فوٹوفائل

 مظفر آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اگر ایل او سی کراس کرنا پڑی تو فوج کے ساتھ کریں گے۔

شیخ رشید نے کہا ہے کہ کشمیر جاگ گیا ہے۔ آزاد کشمیر کے کشمیری سمجھتے ہیں کہ ہم نے72سال اس دن کا انتظار کیا ہے جو مودی نے غلطی کرکے ہمیں دیا ہے۔ اب نہیں تو کبھی نہیں کی بنیاد پر ہمیں آگے بڑھنا ہے۔ آئندہ 3 مہینے فیصلہ کن ہوں گے۔ اگر جنگ ہوئی تو یہ دنیا کی تاریخی اور آخری جنگ ہو گی۔

مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی دہشت گردی کے خلاف مظفر آباد میں جلسہ عام کے موقع پر ایکسپریس نیوز کے پروگرام سینٹر اسٹیج کے میزبان رحمن اظہر سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ پاگل نہیں ہیں کہ ایٹمی جنگ کی بات کرتے ہیں۔ ہمارے پاس روایتی ہتھیاروں کی گنجائش نہیں ہے۔ جنگ اگر ہوئی تو7 یا 8 دن کی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ سمجھنا چاہیے ہم جنگ نہیں چاہتے مگر ہمارے پاس کوئی گنجائش نہیں ہے۔ یہ ہم نے شب برات پر چلانے کے لیے نہیں رکھے ہوئے ہیں۔ روسی ٹی وی ان کے پیچھے لگا ہوا ہے۔ ہاں ہمارے پاس کلو، آدھاکلو،پاؤ اور آدھ پاؤ کے بم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ذمے دار شخص ہیں اور ایل او سی کراس نہیں کریں گے۔ اگر کرنا پڑی تو فوج کے ساتھ کریں گے۔ وہ بھی تب کریں گے اگر انڈیا نے حملہ کیا۔ ورنہ یہ لڑائی لڑیں گے۔ مودی پھنس گیا ہے اسے جانے نہیں دیں گے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران صدر مملکت کے خطاب کے دوران جو کچھ ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔

امور کشمیر اور گلگت بلتستان کے وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر جہاں کرفیو لگا ہے اور میڈیا کو بھی نہیں جانے دیا جا رہا ہے کے لوگوں کو پاکستان کی جانب سے بہت واضح اور حوصلہ افزا پیغام جا رہا ہے کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔