پوری قوم نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے، رانا ثنا اللہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 14 ستمبر 2019
سڑک سے گرفتار کرکے حوالات میں بند کر دیا گیا اور عدالت میں معلوم ہوا ہیروین برآمد کی گئی، رانا ثنا اللہ	فوٹوفائل

سڑک سے گرفتار کرکے حوالات میں بند کر دیا گیا اور عدالت میں معلوم ہوا ہیروین برآمد کی گئی، رانا ثنا اللہ فوٹوفائل

لاہور: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ پوری قوم نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے کسی قسم کی کوئی ڈیل نہیں ہوگی۔         

پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما رانا ثنا اللہ نے عدالت میں پیشی سے قبل جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نالائق اعظم کی حکومت اپنی ناکامی چھپانے کے لئے یہ سب کر رہی ہے، پوری قوم نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے، جیلوں میں ظلم برداشت کرنے کے بعد کیسی ڈیل ؟ نواز شریف حکومت سے کوئی ڈیل نہیں کریں گے، مجھے جیل کی فرش پر اتنی سکون کی نیند آتی ہے کہ عمران خان کو وزیراعظم ہاؤس میں نہیں آتی ہوگی۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکن اور حمایتی مارچ میں نکلیں اور اس حکومت کا خاتمہ کریں یہ حکومت ملک کے لیے ندامت کا باعث ہے۔

منشیات کیس میں گرفتار سابق وزیر قانون رانا ثناءاللہ کو آج اے این ایف کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیاتھا، اس موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کی سیکیورٹی سخت کردی گئی تھی۔ رانا ثنا اللہ کی اہلیہ، داماد رانا شہریار،سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال  اور رانا ثنااللہ کے وکلا اور اے این ایف کے وکلا بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کفرکی حکومت چل سکتی ہے لیکن ظلم کی نہیں

رانا ثناء اللہ کے خلاف کیس کی سماعت ڈیوٹی جج خالد بشیر نے کی۔ دوران سماعت رانا ثنا اللہ نے روسٹرم پر کھڑے ہوکر اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا وفاقی وزیر نے میری ویڈیو کے بارے میں بیان دیا وہ پیش کیا جائے، عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے، تفتیشی افسر سے میری گفتگو بھی عدالت میں پیش کی جائے، سڑک سے گرفتار کرکے حوالات میں بند کر دیا گیا اور عدالت میں معلوم ہوا ہیروین برآمد کی گئی۔

رانا ثنااللہ کی درخواست ضمانت میں پیش ہونے والے پراسیکیوٹر صلاح الدین مینگل طبیعت کی خرابی کی وحہ سے پیش نہیں ہوئے، جس پر عدالت نے استفسار کرتے ہوئے کہا بتایا جائے کہ کون سا پراسیکیوٹر رانا ثنااللہ کی ضمانت میں سرکار کی جانب سے پیش ہو گا، بعد ازاں عدالت نے رانا ثنااللہ کے خلاف کیس کی سماعت 28 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔