احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کو او ایس ڈی بنا دیا گیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 14 ستمبر 2019
رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ نے چیف جسٹس ہائی کورٹ کے حکم سے ارشد ملک کے او ایس ڈی بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ فوٹو:فائل

رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ نے چیف جسٹس ہائی کورٹ کے حکم سے ارشد ملک کے او ایس ڈی بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ فوٹو:فائل

لاہور: احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کو او ایس ڈی بنانے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کو او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے اور اس کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ یہ نوٹی فکیشن رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ نے چیف جسٹس ہائی کورٹ کے حکم سے جاری کیا۔

یہ بھی پڑھیں: جج ارشد ملک کو معطل کردیا گیا

گزشتہ ماہ احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کو ویڈیو اسکینڈل کیس میں عہدے سے معطل کردیا گیا تھا، اس حوالے سے رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ نے کہا تھا کہ  ایڈمنسٹریٹو کمیٹی کا اجلاس طلب کرکے باقاعدہ انکوائری کا آغاز کردیا جائے گا اور کمیٹی کی تجاویز کی روشنی میں فیصلہ کیا جائے گا۔

 پس منظر

مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے ایک  پریس کانفرنس کے دوران احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو جاری کی تھی جس میں وہ کہتے ہوئے نظر آرہے ہیں کہ انہیں بلیک میل کرکے اور دباؤ ڈال کر نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں سزا دینے پر مجبور کیا گیا تھا، وگرنہ نواز شریف کے خلاف کوئی ثبوت نہیں تھا۔ تاہم ارشد ملک نے ایک روز بعد پریس ریلیز جاری کرکے مریم نواز کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے ویڈیو کو جعلی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال 24 دسمبر کو احتساب عدالت نے نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔