بھارتی آرمی چیف کی گیڈر بھبکیوں سے نہیں ڈرتے، شاہ محمود قریشی

ویب ڈیسک  ہفتہ 14 ستمبر 2019
فضل الرحمان کو مسئلہ کشمیر پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، کیا قوم کشمیر کی لڑائی لڑے یا آزادی مارچ میں جائیں؟ وزیر خارجہ (فوٹو: فائل)

فضل الرحمان کو مسئلہ کشمیر پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، کیا قوم کشمیر کی لڑائی لڑے یا آزادی مارچ میں جائیں؟ وزیر خارجہ (فوٹو: فائل)

ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کی گیڈر بھبکیوں سے نہیں ڈرتے، بھارت کے  ناپاک عزائم ملیا میٹ ہو جائیں گے۔

ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم نے نہ صرف سلامتی کونسل میں بلکہ دنیا بھر میں بھارت کا ظالم و سفاک چہرہ  بھرپور طریقے بے نقاب کیا، دنیا کو بتایا کشمیر بھارت کا اندورنی مسئلہ نہیں، آج امریکا، یورپ ہر جگہ مسئلہ کشمیر پر بات ہورہی ہے، دنیا کے ہر دارالخلافے میں بھارت کے خلاف پاکستانی اور کشمیری باہر نکل آئے ہیں، انسانی حقوق کی تمام تنظیمیں بھارت پر نکتہ چینی کر رہی ہیں، پوری دنیا اس مسئلہ پر بحث کر رہی ہے جو ہماری کامیابی ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر 54 سال بعد پہلی مرتبہ زیرِ بحث آیا، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے بھی مقبوضہ کشمیر پر بیان دیا اور کہا کہ مسئلہ کشمیر عالمی قوانین اور یواین قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، امریکی کانگریس اور یورپی پارلیمنٹ کے اراکین مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے خط لکھ رہے ہیں، یہ حکومت کی پرخلوص کوششیں ہیں کہ مسئلہ کشمیر بین الاقوامی مسئلہ ہو گیا ہے، وزیراعظم عمران خان ایک بار پھر کشمیر کا پیغام لے کر 27 ستمبر کو اقوام متحدہ جا رہے ہیں جہاں وہ کشمیر کا مقدمہ لڑیں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 40 واں دن ہے، بھارتی فوج نے کشمیریوں کو عید منانے نہیں دی،  یوم عاشور پر امام بارگاہوں پر حملہ کیا گیا، گزشتہ روز بھی کشمیری جمعے کی نماز ادا نہیں کرسکے، مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کو مٹی کھلائی جارہی ہے اور ان پر بہیمانہ تشدد کیا جاتا ہے اور جب وہ نوجوان بیہوش ہو جاتے ہیں تو انہیں ہوش میں لاکر پھر تشدد کیا جاتا ہے، بھارت نے اہل کشمیر کا رابطہ دنیا سے کاٹ دیا ہے، وادی میں میں ٹی وی چل رہے ہیں نہ اخبارات چھپ رہے ہیں، بھارت پر ہندوتوا سوچ کی حکومت ہے، وہ مسلم اکثریتی علاقے کو اقلیتی علاقے میں بدلنے کی بات کر رہے ہیں، وہ مقبوضہ کشمیر سے کرفیو کیوں ہٹائیں گے۔

شاہ محمود کا کہنا تھا کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان گیدڑ بھبکیاں ہیں اور ہم ان گیڈر بھبکیوں سے نہیں ڈرتے، ہندوستان پراپیگنڈا کرے گا لیکن ہمیں اُس کا حصہ نہیں بننا چاہیے، بھارت کوشش کرسکتا ہے مگر کامیاب نہیں ہوگا مایوسی مت پھیلائی جائے، بھارت کے ناپاک عزائم ملیا میٹ ہو جائیں گے۔

قوم کشمیر کی لڑائی لڑے یا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں جائے؟ شاہ محمود

وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کے احتجاج اور تنقید کی وجہ سے بھارتی ایجنڈے کو فائدہ ہورہا ہے، مولانا فضل الرحمان مسئلہ کشمیر کی نزاکت کو سمھجتے ہیں انہیں بھی اس مسئلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، کیا قوم کشمیر کی لڑائی لڑے یا آزادی مارچ میں جائیں؟ مولانا فضل الرحمن اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں، دنیا کو ہم ہندوانہ ظالمانہ سوچ کے حوالے سے آگاہ کر رہے ہیں، ہم نے ان کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے تبھی کشمیری جدوجہد کامیاب ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔