مقبوضہ کشمیر کی صورتحال جاننے کیلیے مصری دانشوروں کا وفد پاکستان پہنچ گیا

نمائندہ ایکسپریس  اتوار 15 ستمبر 2019
 وفد آزاد جموں و کشمیر کے صدر مسعود خان، وزیراعظم راجا فاروق حیدراور دیگر سے ملاقات کرے گا، فوٹو: فائل

وفد آزاد جموں و کشمیر کے صدر مسعود خان، وزیراعظم راجا فاروق حیدراور دیگر سے ملاقات کرے گا، فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  مصر کے دانشوروں کا 5 رکنی وفد آزاد کشمیر اور پاکستان کے سات روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گیا۔

مصری دانشوروں اور یونیورسٹی پروفیسرز کے امن وفد کی قیادت جامعة الازہر یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر ابراہیم محمدابراہیم کررہے ہیں جبکہ وفد میں پی ایچ ڈی سکالر بدریہ محمد احمد، عبدالقائمز، حنا احمد بکر، محمد عبدالرزاق، شاہاد سعد محمد وصل اور ہیگازے ربیع طوافق ابراہیم شامل ہیں۔

پاکستان میں اپنے قیام کے دوران مصری دانشوروں کا یہ وفد آزاد جموں و کشمیر کے صدر مسعود خان، وزیراعظم راجا فاروق حیدر اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے قائدین کے علاوہ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے اسیر قائد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک سے بھی ملاقات کرےگا اور ان سے مقبوضہ وادی کشمیر میں جاری بھارتی افواج کے انسانیت سوز مظالم کے بارے میں معلومات حاصل کرےگا۔

مصری دانشوروں کا یہ وفد آزاد جموں وکشمیر اسمبلی اور مظفرآباد میں کشمیری مہاجرین کے کیمپ کا بھی دورہ کرےگا۔مصری وفد کشمیری رہنماﺅں سے ملاقاتوں کے دوران مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ وادی کی خصوصی حیثیت کے غیرقانونی خاتمہ کے بعد پیدا ہونیوالے بحران کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کرےگا۔

مصری دانشوروں کا یہ وفد اسلام آباد میں پی ٹی وی سنٹر ، قائداعظم یونیورسٹی کے پاکستان سٹڈیز سنٹر، نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز(نمل)، کومساٹس یونیورسٹی اور ساﺅتھ ایشین اسٹرٹیجک اسٹیبلیٹی انسٹی ٹیوٹ کا بھی دورہ کرےگا جہاں مصری دانشوروں کا وفد پاکستانی دانشوروں کیساتھ دونوں ممالک کی یونیورسٹیوں کے مابین باہمی تعلقات اور دلچسپی کے دیگرامور پر بھی تبادلہ خیال کرے گا ۔ یہ مصری وفد 20 ستمبر کو واپس مصر روانہ ہوجائیگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔