جماعت اسلامی کی کوئٹہ میں یکجہتی کشمیر ریلی

ویب ڈیسک  اتوار 15 ستمبر 2019
بلوچستان کے غیرت مند پشتون اور بلوچ کشمیریوں کے ساتھ ہیں، سراج الحق، فوٹو: سوشل میڈیا

بلوچستان کے غیرت مند پشتون اور بلوچ کشمیریوں کے ساتھ ہیں، سراج الحق، فوٹو: سوشل میڈیا

کوئٹہ: جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف ’یکجہتی کشمیر‘ ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

ریلی کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کی، ریلی ہاکی چوک سے ہوتے ہوئے مختلف شاہراہوں سے منان چوک پہنچی، ریلی میں صوبے بھر سے بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے۔

ریلی منان چوک پہنچ کر بڑے جلسے میں تبدیل ہوگئی جس سے مرکزی قائدین نے خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستانی سینیٹر سراج الحق نے کلیدی خطاب میں کہا کہ  ہماری ریلی میں شرکت کے لیے آنے والے جلوس کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا اس میں شہید ہونے والے کے خاندان میں برابر کا شریک ہوں، اس  جلسے کو مقبوضہ کشمیر کے لوگ بھی دیکھ رہے ہیں، میں اہل کشمیر کو پیغام دے رہا ہوں کہ کوئٹہ کے غیور عوام بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ بلوچستان کے غیرت مند پشتون اور بلوچ کشمیریوں کے ساتھ ہیں، پاکستان میں صاحب اقتدار قوتیں یہ دیکھ رہی ہیں کہ وہاں لوگوں کو یرغمال بنایا گیا ہے، ہماری خارجہ پالیسی بھی ناکام ہوگئی ہے، ان اسلامی ممالک نے مودی کو اعزازات دیے، پاکستانی قوم وزیراعظم کی تقاریر سننے کے لیے تیار نہیں وہ عمل دیکھنا چاہتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔