ضلع جنوبی میں چانڈیو ڈکیت گینگ سرگرم،2 ماہ میں 12 گھر لوٹ لیے

اسٹاف رپورٹر  پير 16 ستمبر 2019
لوٹ مار کرنے کی فوٹیج بھی منظر عام پرآگئی، فوٹیج میں ڈاکوؤںکوٹائی لگائے گھرمیں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے،پولیس ذرائع
 فوٹو: فائل

لوٹ مار کرنے کی فوٹیج بھی منظر عام پرآگئی، فوٹیج میں ڈاکوؤںکوٹائی لگائے گھرمیں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے،پولیس ذرائع فوٹو: فائل

کراچی:  شہر کے مرکز ضلع جنوبی میں ڈکیت گروہ سرگرم ہوگیا۔

ڈکیت گینگ 2 ماہ کے دوران 2 درجن سے زائد گھروں میں ڈکیتی کی وارداتیں کرچکا ہے، بیشترگھروں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں چانڈیو ڈکیت گینگ کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، تفصیلات کے مطابق شہر میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں  کے بعد گھروں میں ڈکیتیوں کی وارداتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔

ضلع جنوبی میں ایک ایسا ڈکیت گروہ سرگرم ہے جوگزشتہ2 ماہ کے دوران اب تک 2 درجن سے زائد گھروں میں ڈکیتیوںکی وارداتیں کرچکا ہے، پولیس ذرائع کے مطابق ڈکیت گروہ کے کارندے خود کو سرکاری ادارے کے اہلکار ظاہر کرکے ڈکیتیاں کرتے ہیں ،گروہ کی جانب سے ایک گھرمیں ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے فوٹیج میں ڈاکوؤں کو ٹائی لگائے گھر میں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈکیت گروہ کی جانب سے  ڈکیتی کی وارداتیں گذری، ڈیفنس اور درخشاں تھانے کی حدود میں پیش آئیں ،پولیس اب تک چانڈیو ڈکیت گروہ کے دو ہی کارندے گرفتار کرنے میں کامیاب ہوسکی ہے جن میں اختیارچانڈیو اور شعیب نامی لڑکے شامل ہیں ،ڈکیت گروہ کا سربراہ مورو چانڈیو تاحال مفرور ہے۔

گرفتار اختیار چانڈیو گروہ کے مفرور سربراہ مورو چانڈیو کا بھائی ہے جبکہ گرفتار ملزم شعیب گروہ کو ڈکیتی کے لیے گاڑی فراہم کرنے میں ملوث ہے۔

گرفتار دونوں ڈاکوؤں کو پولیس  نے درج 11 مقدمات میں گرفتار کرلیا ہے، پولیس ذرائع کے مطابق گروہ کا مفرور سربراہ مورو چانڈیو پولیس کو چکما دینے کے لیے جعلی نام استعمال کرتا ہے ۔ مورو چانڈیو ماضی میں 2 بارعاشق چانڈیوکے نام سے گرفتار ہوچکا ہے ، غلط نام سے گرفتاری پر ڈاکو دونوں بار جیل سے جلد رہا ہوگیا، موروچانڈیو کا ایک بہنوئی سرکاری ادارے کا ملازم بھی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔