سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز؛ فخر، شعیب اور حفیظ کو ڈراپ کئے جانے کا امکان

عباس رضا / ویب ڈیسک  پير 16 ستمبر 2019
پاک سری لنکا ون ڈے سیریز کراچی جب کہ ٹی 20 سیریز لاہور میں کھیلی جائے گی فوٹو: فائل

پاک سری لنکا ون ڈے سیریز کراچی جب کہ ٹی 20 سیریز لاہور میں کھیلی جائے گی فوٹو: فائل

سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے ممکنہ کرکٹرز کا اعلان آج کیا جائے گا جب کہ ٹریننگ کا آغاز بدھ سے ہو گا۔

ذرائع کے مطابق سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کے لیے تربیتی کیمپ کے لیے ابتدائی طور پر 20 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جا سکتا ہے جب کہ حتمی اسکواڈز کا اعلان 23 ستمبر کو کیا جائے گا، اگلے روز کراچی میں ٹریننگ شروع ہو جائے گی۔

فٹنس اور فارم کے مسائل کا شکار فخرزمان کی جگہ عابد علی کو شامل کئے جانے کا امکان ہے، عمراکمل اور احمد شہزاد کے نام بھی زیر غور ہیں، شعیب ملک ون ڈے کرکٹ کو خیرباد کہہ چکے ہیں، انہیں ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے بھی منتخب نہ کیے جانے کا امکان ہے، محمد حفیظ کی جگہ بھی کسی نوجوان کھلاڑی کو موقع دیا جائے گا۔ ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے ایک عرصہ سے نظر انداز پیسر احسان عادل کے ساتھ ثمین گل کو کیمپ میں مدعو کرنے پر بی سنجیدگی سے غور کیا ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے مابین ون ڈے سیریز کا آغاز 27 ستمبر کو کراچی میں میچ کے ساتھ ہوگا، بعد ازاں مزید دو میچ بھی شہر قائد میں ہی کھیلے جائیں گے، ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچز لاہور میں شیڈول ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔