بیوی نے آشنا کے ذریعے شوہر کو قتل کرادیا، دونوں ملزم گرفتار

ویب ڈیسک  پير 16 ستمبر 2019
ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا ہے ، پولیس فوٹو: فائل

ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا ہے ، پولیس فوٹو: فائل

 کراچی: سکھن پولیس نے گولیاں لگی تشدد زدہ لاش ملنے کا معمہ حل کرتے ہوئے مقتول کی بیوی اور دوست کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے بھینس کالونی میں 8 ستمبر کو علی شیر نامی شخص کی لاش ملی تھی جسے گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر تفتیش شروع کردی تھی، تحقیقات کے دوران پولیس نے مقتول کی بیوی اور اس کے مبینہ آشنا کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزموں نے اعتراف جرم کرلیا ہے، ملزمہ شہناز نے پولیس کو دیئے گئے بیان میں کہا ہے کہ علی شیر اور اس کی اکثر ناچاقی ہی رہتی تھی، گھریلو جھگڑے روز کا معمول تھے اور اس دوران علی شیر اسے مارتا پیٹتا بھی تھا۔ علی شیر اور فیاض ایک محلے کے رہائشی اور دوست بھی تھے۔ فیاض سے دوستی ہوئی تو اپنے شوہر کو راستے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا، ملزم فیاض نے بھینس کالونی گلی نمبر 12 سے آگے جنگل میں لے جاکر مقتول کو قتل کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔