آئی ایم ایف کا وفد پاکستان پہنچ گیا، خزانہ حکام سے ملاقاتیں

ارشاد انصاری  منگل 17 ستمبر 2019
باضابطہ مذاکرات آج (منگل) صبح 10 بجے سے شروع ہونگے۔ فوٹو:فائل

باضابطہ مذاکرات آج (منگل) صبح 10 بجے سے شروع ہونگے۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد:  آئی ایم ایف کا اسٹاف لیول وفد 4 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گیا ہے اور مشن کی ٹیم نے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور سیکریٹری خزانہ کے ساتھ غیر رسمی ملاقاتیں بھی کی ہیں جبکہ ٹیم کے مزید 2 ممبران آج(منگل)صبح 6 بجے کی فلائیٹ سے اسلام آباد پہنچیں گے۔

مشن آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر برائے مڈل ایسٹ اینڈ سنٹرل ایشیاڈپارٹمنٹ جہاد آزور (Jihad Azour) کی قیادت میں آج وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کرے گا، پاکستان حکام سے ملاقاتوں میں رواں مالی سال کیلیے طے شدہ اہداف زیر بحث آئیں گے۔ وفد دوپہر بارہ بجے وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار اور منصوبہ بندی ڈویژن کے دیگر حکام کے ساتھ بھی مذاکرات کرے گا۔

وفد وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر سے بھی ملے گا، جائزہ مشن کراچی بھی جائے گا جہاں گورنر اسٹیٹ بینک سمیت دیگر حکام سے اہم ملاقاتیں کرے گا، جائزہ مشن 20 ستمبر تک پاکستان میں قیام کرے گا،پاکستان کی میکرواکنامک کی صورتحال پر حکومتی اتھارٹیز اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تبادلہ خیال کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔