سندھ کی 17 سرکاری جامعات میں ڈائریکٹر فنانس کی تقرری، 50 نام ارسال

صفدر رضوی  منگل 17 ستمبر 2019
سمری وزیراعلیٰ کو ارسال، تحریری ٹیسٹ 28 جولائی کو آئی بی اے کراچی میں لیے گئے تھے، 400 امیدوار شریک ہوئے تھے۔ فوٹو: فائل

سمری وزیراعلیٰ کو ارسال، تحریری ٹیسٹ 28 جولائی کو آئی بی اے کراچی میں لیے گئے تھے، 400 امیدوار شریک ہوئے تھے۔ فوٹو: فائل

کراچی: سندھ کی سرکاری جامعات کے وائس چانسلرکے انتخاب کیلیے قائم ’’تلاش کمیٹی‘‘ (سرچ کمیٹی) نے صوبے کی 17 سرکاری جامعات میں ڈائریکٹرفنانس کی تقرری کے لیے 50 کے قریب امیدواروں کے نام تقرری کیلیے کنٹرولنگ اتھارٹی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بھجوا دیے ہیں۔

’’ایکسپریس‘‘کومعلوم ہواہے کہ تلاش کمیٹی کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بھجوائی گئی سمری کے مطابق جامعہ کراچی میں ڈائریکٹرفنانس کے لیے طارق کلیم ، عامر بشیر اور ندیم جویری کانام شارٹ لسٹ کیاگیاہے۔

یادرہے کہ طارق کلیم سابق وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرمحمد قیصرکے دورمیں اگست 2016تک جامعہ کراچی میں مذکورہ عہدے پر کام کر چکے ہیں۔ مزیدبراں عامربشیراس وقت شہیدذوالفقارعلی بھٹویونیورسٹی آف لا کے قائم مقام ڈائریکٹر فنانس ہیں جبکہ ان کے نام کی سفارش لایونیورسٹی کے ڈائریکٹرفنانس کے لیے بھی کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں سندھ یونیورسٹی جام شوروکے لیے زین العابدین، ڈاؤمیڈیکل یونیورسٹی کے لیے مجاہد علی شیخ، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے لیے عادل رشید، سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کے لیے آفتاب احمد، بے نظیربھٹویونیورسٹی لیاری کے لیے ڈاکٹرحاکم علی اورسندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے لیے انیل کمارکے نام کی سفارش کی گئی ہے۔

داؤدانجینیئرنگ یونیورسٹی، لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جام شورو، بے نظیربھٹویونیورسٹی ویٹرنری اینڈاینیمل سائنسز سکرنڈ، شاہ عبدالطیف یونیورسٹی خیرپور، پیپلز یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ سائنسزبرائے خواتین نواب شاہ، بے نظیرمیڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ، بے نظیربھٹوشہید یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ اسکلزڈیولپمنٹ خیرپور اوریونیورسٹی آف صوفی ازم اینڈ ماڈرن سائنسز بھٹ شاہ کے لیے بھی ڈائریکٹرفنانس کی اسامیوں کے لیے امیدواروں کے ناموں کی سفارش کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ سندھ میں قائم ہونے والی نئی سرکاری جامعات گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآبادکالی موری، بیگم نصرت بھٹویونیورسٹی سکھر اور شیخ ایاز یونیورسٹی شکارپورمیں ڈائریکٹرفنانس کے عہدوں پر تقرری کامرحلہ ابھی باقی ہے جبکہ این ای ڈی یونیورسٹی کراچی، آئی بی اے کراچی، مہران انجینیئرنگ یونیورسٹی، قائد عوام یونیورسٹی نوابشاہ اور بے نظیربھٹویونیورسٹی(بینظیرآباد) نوابشاہ میں ڈائریکٹرفنانس کے عہدوں پر مستقل افسران تعینات ہیں۔

یادرہے کہ سندھ کی17سرکاری جامعات میں ڈائریکٹر فنانس کی تقرریوں کے لیے امیدواروں کے تحریری ٹیسٹ 28جولائی کوآئی بی اے کراچی میں لیے گئے تھے اس ٹیسٹ میں 400کے قریب امیدوارشریک ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔