مریم نواز مسلم لیگ (ن) کی نائب صدارت کے لیےاہل قرار

ویب ڈیسک  منگل 17 ستمبر 2019
تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی نے درخواست دائر کی تھی فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی نے درخواست دائر کی تھی فوٹو: فائل

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے مریم نواز کو پارٹی کی نائب صدارت کے لیے اہل قرار دے دیا۔ 

چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے مریم نواز کو پارٹی کی نائب صدارت سے ہٹانے کے لیے تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کی درخواست پر گزشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔

الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں  درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ مریم نوازنائب صدارت کاعہدہ مشروط طور پر رکھ سکتی ہیں، مسلم لیگ (ن) کی صدارت کا عہدہ خالی ہونے پر مریم نواز پارٹی صدراورجنرل سیکرٹری کاعہدہ نہیں لے سکیں گی۔

کیس کا پس منظر؛

مئی 2019 کو مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شريف نے پارٹی کی تنظيم نو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مريم نواز کو مقرر کیا تھا۔ تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی فرخ حبیب،ملیکہ بخاری اور جویریہ ظفر نے درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا مریم نواز کی بطور پارٹی نائب صدر تقرری آئین و قانون سے متصادم ہے، وہ کسی بھی سیاسی و عوامی عہدے کے لیے نااہل ہیں۔

گزشتہ روز درخواست کی سماعت میں مریم نواز کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ نے کہا تھا کہ پارٹی کا حصہ بننا یا عہدہ رکھنا کسی شخص کا بنیادی حق ہے، پرویز مشرف دور میں سزا یافتہ شخص پر پارٹی عہدہ رکھنے پر پابندی تھی تاہم ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ میں سزا یافتہ شخص پر پارٹی عہدہ رکھنے کی کوئی پابندی نہیں، نواز شریف کے خلاف سپریم کورٹ کا فیصلہ پارٹی صدارت کے علاوہ کسی اور عہدے کے لیے نہیں ہے، کسی بھی عدالت کے پرانے فیصلوں کے مطابق فیصلے کرنا الیکشن کمیشن کے لیے لازم نہیں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔