حکومت مریم نواز سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کرے گی، فردوس عاشق

ویب ڈیسک  منگل 17 ستمبر 2019
سزا یافتہ شخص کسی عہدے پر تعینات نہیں ہوسکتا، معاون خصوصی اطلاعات۔ فوٹو:فائل

سزا یافتہ شخص کسی عہدے پر تعینات نہیں ہوسکتا، معاون خصوصی اطلاعات۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ حکومت مریم نوازسےمتعلق الیکشن کمیشن کافیصلہ چیلنج کرےگی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں19 نکاتی ایجنڈےپر غور کیا گیا، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل دائرکرنے کا فیصلہ کیا ہے، حکومت مریم نواز کی نائب صدارت برقرار رکھنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کرے گی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ سپریم کورٹ کا واضح فیصلہ ہے کہ سزا یافتہ شخص کسی عہدے پر فائز نہیں ہو سکتا، اس فیصلے میں مانا گیا ہے کہ مریم نواز سزا یافتہ ہیں، اور وہ کسی جلسے جلوس اور سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لےسکتیں، الیکشن کمیشن کا فیصلہ سپریم کورٹ کے فیصلےکی خلاف ورزی ہے، فیصلےمیں نائب صدر کےعہدے کو غیرفعال کہا گیا ہے۔

فردوس عاشق نے بتایا کہ حکومت میڈیاکی خودمختاری پریقین رکھتی ہے، اجلاس میں میڈیا کے معاملات پر غور کیا گیا ہے، میڈیا کو ذمہ دار بنانے اور میڈیا کے شفاف کردار کو فعال بنانے اور احتسابی عمل کا آغاز کیا جارہا ہے، اس کے لئے حکومت نے خصوصی میڈیا ٹریبونلز بنانے کا فیصلہ کیا ہے، میڈیا کے حوالے سے جو بھی شکایت ہے وہ عدلیہ کے ماتحت میڈیا ٹربونل سنے گا، اگر میڈیا کسی پر الزام لگاتا ہے وہ معاملہ میڈیا ٹرائبیونلز دیکھیں گے، اور میڈیا ٹریبونل 90 روزمیں فیصلے کرنے کا پابند ہوگا، میڈیا ٹرائبیونلز کی نگرانی اعلی عدلیہ کرے گی۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کابینہ کو مجوزہ دورہ امریکا پر اعتماد میں لیا، وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے سفیر بن کرامریکا جا رہے ہیں، اپنے دورے میں اہم رہنماؤں سےملاقاتیں کریں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔