پاکستانی عوام عمران خان کو نہ ڈیل دیں اور نا ہی ڈھیل، ترجمان (ن) لیگ

ویب ڈیسک  بدھ 18 ستمبر 2019
مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، ترجمان (ن) لیگ فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، ترجمان (ن) لیگ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ڈیل اور ڈھیل کی بات عمران خان کررہے ہیں لیکن پاکستانی عوام عمران خان کو نہ ڈیل دیں اور نا ہی ڈھیل۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پارلیمان سے آواز آئے تو تالہ لگا دیں اپوزیشن کی آواز آئے تو گرفتار کر لو، مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، گرفتاریوں کے بعد اب کرپشن ڈھونڈی جارہی ہے، حمزہ شہباز اور مریم نواز شریف کے خلاف ابھی تک کیس نہیں بنایا جاسکا، عمران خان حکومت شاہد خاقان عباسی کے خلاف کرپشن پر بات کیوں نہیں کرتی؟ شہباز شریف کے حق میں لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ موجود ہے، اسلام آباد ائیر پورٹ پر 2 کلو 30 گرام چرس پکڑی گئی تو تصویر آئی لیکن رانا ثناء کا کوئی ثبوت پیش نہ کیا گیا۔

ترجمان (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ ہمارا وزیر اعظم سلیکٹڈ ہے، وہ سمجھتا ہے کھانا اور اے سی بند کرکے اذیت پہنچائے گا، چھوٹی سوچ والا کھانا بند کرنے اور سہولیات نہ دینے کی بات کرتا ہے، ہمارے قائد نواز شریف نہ کبھی جھکیں گے اور نا کبھی بکیں گے، وہ اپنی بیٹی کا ہاتھ پکڑ کر لندن سے اڈیالہ آئے، ڈیل اور ڈھیل کی بات عمران خان کررہے ہیں، وہ اپنے لیے ڈیل اور ڈھیل مانگ رہے ہیں، عمران خان معاشی بدحالی کے باعث ڈیل اور ڈھیل مانگ رہے ہیں، لیکن پاکستانی عوام نہ عمران خان کو ڈیل دیں اور نا ہی ڈھیل۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) نے مزید کہا کہ یہ نالائق لوگ شہباز شریف کی ڈینگی خاتمے اور پولیو مہم کو سنبھال نہیں سکتے، نواز شریف نے عمران خان کے دھرنوں کے باوجود 11ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرکے دکھائی لیکن بے شرمی سے کہا جاتا ہے کہ توانائی کے مسائل کو حل کیا جارہا ہے، نواز شریف 5.8 فیصد تک جی ڈی پی لے کر گئے، تبدیلی کی شکل 62 پولیو کیسز اور ڈینگی مریض،3 فیصد سے 13 فیصد مہنگائی اور 11 ہزار ارب قرضہ ہے۔ آج نوجوان ہاتھ اٹھا اٹھا کر موجودہ حکومت کو بددعا دیتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور مولانا فضل الرحمان اتحادی ہیں، نواز شریف سے ملاقات کے بعد شہباز شریف نے مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس بلا لیا ہے ، جے یو آئی نے بھی مرکزی مجلس عاملہ بلایا ہے جس میں تاریخ کا فیصلہ ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔